ابوظبی: پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، دونوں برادر ممالک کے درمیان یہ پیشرفت ابوظبی میں منعقد ہونے والے پاک-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے 12ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کی۔
اس موقع پر ’باہمی انٹری ویزا کی ضروریات سے استثنیٰ‘ اور ’سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام‘ پر مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ ’مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل اکانومی‘ پر بھی مشترکہ کام کرنے کے لیے ایک ایم او یو پر دستخط ہوئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے اپنے اماراتی ہم منصب کے ساتھ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا چھوٹ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”یہ اہم قدم ہمارے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ہر سطح پر ادارہ جاتی تعاون کو گہرا کرنے کے ہمارے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔“
واضح رہے کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا یہ اجلاس 12 سال کے طویل وقفے کے بعد منعقد ہوا، جس میں تجارت، بینکنگ، ثقافت، سرمایہ کاری، ایوی ایشن، ریلوے، توانائی، فوڈ سکیورٹی، موسمیاتی تبدیلی، دفاع، صحت، افرادی قوت، اعلیٰ تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں فریقین نے ادارہ جاتی میکانزم کو بڑھانے اور بین الوزارتی رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن کا آئندہ 13واں اجلاس باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔