اسلام آباد: پاکستان اور ترکی نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم کرتے ہوئے تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دفاع، تجارت، توانائی اور انفرااسٹرکچر سمیت کئی اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا بھی عہد کیا گیا ہے۔
یہ پیشرفت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دورہ پاکستان پر موجود ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں سامنے آئی۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے تحت قائم 12 مشترکہ ورکنگ گروپس کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے فریم ورک کے تحت تمام 12 ورکنگ گروپس کے اجلاس ہو چکے ہیں یا آئندہ ہفتوں میں ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کا اجلاس بھی متوقع ہے جس کی مشترکہ صدارت ترک وزیر دفاع یاسر گولر اور پاکستانی وزیر تجارت جام کمال خان کریں گے۔
نائب وزیراعظم نے ترکی کی دفاعی صنعت کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی نے اپنی دفاعی صنعت کو 20 فیصد سے بڑھا کر 80 فیصد تک مقامی سطح پر منتقل کیا ہے اور پاکستان اس کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ کراچی میں ترک کاروباری اداروں کے لیے ایک خصوصی اقتصادی زون (SEZ) کے قیام پر کام جاری ہے، جبکہ استنبول-تہران-اسلام آباد ریل کوریڈور کی بحالی کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ مظفرآباد میں معارف اسکول کی تعمیر کے لیے زمین مختص کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ترک فرموں کے ساتھ جناح میڈیکل کمپلیکس، دانش یونیورسٹی، آف شور ڈرلنگ اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری جیسے منصوبوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، “ہمارا ہدف توانائی، کان کنی، تعلیم اور ٹرانسپورٹ سمیت متنوع شعبوں میں تعاون بڑھا کر تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔”
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فضائی، سمندری، زمینی اور ریلوے رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ترک وزیر خارجہ نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے تحمل کی تعریف کی اور امن و مذاکرات کے لیے ترکی کی حمایت کا اعادہ کیا۔