اسلام آباد: محرم الحرام 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (جمعرات کو) کوئٹہ میں طلب کرلیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس کی صدارت مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
اس کے علاوہ زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی جمعرات کو اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گے جہاں چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول کی جائیں گی۔
اس سے قبل پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پیشگوئی کی تھی کہ 26 جون کی شام کو محرم الحرام 1447 کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، جس کے بعد نئے ہجری سال کا آغاز 27 جون کو ہوگا۔
یومِ عاشور (10 محرم) 6 جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔
سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کی پیدائش 25 جون کو سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ پر متوقع ہے اور 26 جون کو غروب آفتاب کے وقت اس کی عمر تقریباً 28 گھنٹے 15 منٹ ہوگی۔
بیان کے مطابق غروبِ آفتاب اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان متوقع دورانیہ 75 منٹ ہوگا، جو محرم الحرام کا چاند نظر آنے کے لیے کافی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے یکم محرم کو عام تعطیل کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔