کلب ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 کے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ نے برازیلین کلب فلیمنگو کو 2-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔
اس فتح کے ہیرو انگلش اسٹرائیکر ہیری کین رہے جنہوں نے دو شاندار گول اسکور کیے۔ اس جیت کے ساتھ ہی بائرن میونخ نے ایک اور جنوبی امریکی ٹیم کو عالمی کپ سے باہر کردیا، جس پر فلیمنگو کے کوچ فلپ لوئس نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘فٹبال کی اشرافیہ یورپ میں ہی رہتی ہے’۔
میامی کے ہارڈ راک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بائرن میونخ نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ جوشوا کمِچ نے چھٹے منٹ میں پہلا گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کے صرف چار منٹ بعد ہیری کین نے اسکور کو دگنا کردیا۔
ایسا لگ رہا تھا کہ بائرن میونخ آسانی سے میچ جیت جائے گی، لیکن کوپا لبرٹاڈوریس کی تین بار کی فاتح فلیمنگو نے شاندار واپسی کی۔ کھیل کے 33ویں منٹ میں گیرسن نے ایک زوردار شاٹ کے ذریعے گول کرکے اپنی ٹیم کا کھاتہ کھولا اور اسٹیڈیم میں موجود 60,914 تماشائیوں کے بڑے حصے کو جوش دلا دیا۔
تاہم، وقفے سے چار منٹ قبل فلیمنگو کے دفاع کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لیون گوریٹزکا نے تیسرا گول کرکے بائرن کی برتری کو 1-3 کردیا۔
دوسرے ہاف میں بھی فلیمنگو نے ہمت نہ ہاری اور 55ویں منٹ میں پنالٹی پر جورجینیو نے گول کرکے خسارہ کم کیا۔ لیکن میچ کا فیصلہ کن لمحہ 73ویں منٹ میں آیا جب ہیری کین نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول کرکے بائرن میونخ کی فتح پر مہر ثبت کردی۔
میچ کے بعد فلیمنگو کے کوچ فلپ لوئس نے حریف ٹیم کی برتری کو تسلیم کرتے ہوئے کہا، ‘ہمیں اپنے حریف کی برتری کو تسلیم کرنا ہوگا۔ وہ بہت اچھی ٹیم ہے، ہم یہ جانتے تھے۔ اس سطح پر کوئی بھی غلطی مہلک ثابت ہوتی ہے۔’ انہوں نے مزید کہا کہ ‘یورپی ٹیموں کے پاس بہترین برازیلین کھلاڑی ہیں، یہ ایک حقیقت ہے’۔
اب کوارٹر فائنل میں بائرن میونخ کا مقابلہ ہفتے کے روز اٹلانٹا میں یورپی چیمپئن پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے ہوگا، جوکہ ایک اور بڑا اور کانٹے دار مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔