کلب ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ! برازیلین کلب فلومیننس نے چیمپئنز لیگ رنر اپ انٹر میلان کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں دھاک بٹھا دی

شمالی کیرولائنا: کلب ورلڈ کپ میں برازیلین کلب فلومیننس نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے چیمپئنز لیگ کی رنر اپ ٹیم انٹر میلان کو 0-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

ٹیم کی جانب سے جرمن کانو نے ابتدائی لمحات میں جبکہ ہرکولیس نے آخری لمحات میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔

پیر کو امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے شہر شارلٹ کی شدید گرمی میں کھیلے گئے میچ میں فلومیننس نے جارحانہ آغاز کیا۔ میچ کے صرف تیسرے منٹ میں جرمن کانو نے ایک deflected کراس پر ہیڈر کے ذریعے گیند کو گول کیپر یان سومر کی ٹانگوں کے درمیان سے گزار کر اپنی ٹیم کو شاندار برتری دلائی۔

برازیلین کلب نے 30ویں منٹ میں اپنی برتری دگنی کرنے کا ایک اور موقع پایا جب ساموئل زاویئر کا شاٹ معمولی فرق سے گول پوسٹ سے باہر چلا گیا۔ اس کے نو منٹ بعد، اگناسیو نے بھی گیند کو جال میں پہنچایا لیکن آٹومیٹڈ ریویو سسٹم نے انہیں آف سائیڈ قرار دے دیا۔

دوسرے ہاف میں بھی انٹر میلان نے گیند پر زیادہ تر قبضہ جمائے رکھا لیکن فلومیننس کے حملے زیادہ خطرناک ثابت ہوئے۔ 62ویں منٹ میں گول کیپر یان سومر نے شاندار غوطہ لگا کر آریاس کے ایک طاقتور شاٹ کو ناکام بنایا۔

دوسری جانب، انٹر میلان کے لاؤتارو مارٹینز نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے 80ویں اور 82ویں منٹ میں فلومیننس کے 44 سالہ گول کیپر فیبیو کو دو مرتبہ بچاؤ پر مجبور کیا، اور اس کے چند سیکنڈ بعد ان کا ایک اور شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا گیا۔

میچ کے اضافی وقت میں انٹر میلان کا دفاع ایک بار پھر بکھر گیا جب ہرکولیس نے 18-یارڈ باکس کے کنارے سے ایک کمپوزڈ، لو فنش کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر فلومیننس کے شائقین کو جشن منانے پر مجبور کر دیا۔

اس فتح کے بعد فلومیننس کے کپتان تھیاگو سلوا نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم اور ساتھیوں پر فخر ہے کہ انہوں نے اتنی بڑی ٹیم کو شدید گرمی میں شکست دی۔ انٹر میلان کے کوچ کرسٹیان چیوو نے اپنی ٹیم کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ‘ہم نے ہار نہیں مانی اور آخر تک کوشش کی۔ یہ ہمارا دن نہیں تھا۔’

فلومیننس اب کوارٹر فائنل میں مانچسٹر سٹی اور الہلال کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ اگر مانچسٹر سٹی کامیاب ہوتی ہے تو یہ 2023 کلب ورلڈ کپ فائنل کا ری میچ ہوگا، جسے مانچسٹر سٹی نے 0-4 سے جیتا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں