اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کا اہم اجلاس آج (منگل کو) طلب کیا گیا ہے جس میں اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹسز کی تقرریوں پر غور کیا جائے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی جے سی پی کے چیئرمین کی حیثیت سے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں کمیشن کے تمام اراکین شرکت کریں گے۔
اس وقت جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس روزی خان بڑیچ بلوچستان ہائیکورٹ اور جسٹس جنید غفار سندھ ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب، بلوچستان ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس کامران خان ملاخیل نے جسٹس (ر) نذیر احمد لانگو کی جے سی پی میں دوبارہ نامزدگی پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔
جے سی پی سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں جسٹس ملاخیل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جسٹس (ر) لانگو کو جسٹس (ر) اعجاز احمد سواتی کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تقرری کے لیے جے سی پی کا رکن نامزد کیا گیا تھا۔
آئینی شق کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی عدم موجودگی میں مزید نامزدگی نئے سرے سے کی جانی چاہیے اور اس مقصد کے لیے نئے نمائندے کو نامزد کرنے کی درخواست کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے چیف جسٹس آفریدی کی زیر صدارت جے سی پی کے دو مسلسل اجلاس ہوئے تھے، جن میں اعلیٰ عدالتی ادارے نے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی مدت میں 30 نومبر تک توسیع کی منظوری دی تھی۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، جے سی پی کے دو الگ الگ اجلاسوں میں سپریم کورٹ، سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچوں اور ججز کی کارکردگی کے جائزے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ پہلے اجلاس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کی مدت میں 30 نومبر 2025 تک توسیع کی منظوری دی گئی، جبکہ دوسرے اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچوں کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کی گئی۔