کیمبرج پیپر لیک اسکینڈل کا ڈراپ سین، طلباء کیلئے بڑا اعلان، کیا دوبارہ امتحان دینا ہوگا؟

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن (سی آئی ای) نے جون 2025 کے امتحانی سلسلے میں لیک ہونے والے تین پرچوں میں شرکت کرنے والے طلباء کو نومبر میں مفت دوبارہ امتحان دینے کی پیشکش کی ہے۔

متاثرہ پرچوں میں اے ایس اینڈ اے لیول میتھمیٹکس پیپر 12، اے ایس اینڈ اے لیول میتھمیٹکس پیپر 42، اور اے ایس اینڈ اے لیول کمپیوٹر سائنس پیپر 22 شامل ہیں۔ سی آئی ای نے واضح کیا کہ وہ ان پرچوں میں سے ایک یا زیادہ میں شرکت کرنے والے طلباء کو مزید تفصیلات فراہم کر رہا ہے۔

بورڈ نے تصدیق کی کہ ان نصابوں کے نتائج معمول کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔ تاہم، تمام متاثرہ امیدواروں کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے نومبر 2025 کی امتحانی سیریز کے لیے مفت دوبارہ امتحان کی پیشکش بھی کی جا رہی ہے۔

سی آئی ای کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ “ہم نے تمام امیدواروں اور ان کے اہل خانہ کو اسکولوں کے ذریعے ایک پیغام بھیجا ہے، اور جون 2025 کے امتحانی سیریز کے نتائج کے اجراء کے بعد مزید معلومات فراہم کریں گے۔ امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے مزید سوالات ہوں تو وہ اپنے اسکولوں سے رابطہ کریں۔”

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سی آئی ای نے اپنے امتحانی پرچوں کے جزوی طور پر لیک ہونے کی تصدیق کی تھی جب اس نے حالیہ لیک کی تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ وفاقی وزارت تعلیم کو ارسال کی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ تحقیقات میں بدعنوانی کے کچھ معتبر ثبوت ملے ہیں۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، امتحان سے کچھ دیر قبل تین امتحانی پرچوں کے کچھ حصے شیئر کیے گئے تھے۔ اے لیول میتھمیٹکس پیپر 12 کے امتحان سے قبل ایک سوال، اے ایس اور اے لیول میتھمیٹکس پیپر 42 کے امتحان سے قبل دو سوالات کے حصے، اور اے ایس اور اے لیول کمپیوٹر سائنس پیپر 22 سے قبل ایک سوال کا حصہ لیک ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں