استنبول: ترکی کے شہر استنبول میں مبینہ طور پر پیغمبرِ اسلام کے گستاخانہ خاکے کی اشاعت پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا ہے، جس کے بعد ہونے والے احتجاجی مظاہروں نے پرتشدد رنگ اختیار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایک طنزیہ میگزین کی جانب سے متنازع خاکہ شائع کیے جانے کے خلاف سینکڑوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد شہر کی سڑکیں میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگیں۔
پولیس نے مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور مرچوں کے اسپرے کا بھرپور استعمال کیا۔ الجزیرہ کے مطابق، حکام نے کارروائی کرتے ہوئے متنازع خاکہ شائع کرنے والے میگزین کے چار ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔
واقعے کے بعد شہر میں صورتحال کشیدہ ہے اور مزید مظاہروں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔