صارفین نے منہ موڑ لیا: 139 سال پرانی مشہور فوڈ کمپنی اچانک دیوالیہ، آخر وجہ کیا بنی؟

کین میں بند پھلوں اور سبزیوں کے لیے مشہور 139 سال پرانی کمپنی ڈیل مونٹی فوڈز نے دیوالیہ پن سے بچاؤ کے لیے درخواست دائر کر دی ہے کیونکہ امریکہ میں صارفین تیزی سے اس کی مصنوعات کو چھوڑ کر صحت بخش یا سستے متبادلات کا انتخاب کر رہے ہیں۔

ڈیل مونٹی نے منگل کو دیر گئے دیوالیہ پن کی درخواست کا اعلان کیا۔

رپورٹ کے مطابق، کونٹاڈینا ٹماٹر برانڈ، کالج اِن اور کچن بیسکس بروتھ برانڈز اور جویبا ببل ٹی برانڈ کی مالک کمپنی ڈیل مونٹی نے 912.5 ملین ڈالر کی مالی اعانت حاصل کی ہے جس سے اسے فروخت کا عمل آگے بڑھنے تک معمول کے مطابق کام کرنے کی اجازت ملے گی۔

نیو جرسی کی دیوالیہ پن کی عدالت میں دائر کی گئی درخواست کے مطابق، کیلیفورنیا میں قائم اس برانڈ کے اثاثے اور واجبات 1 ارب ڈالر سے 10 ارب ڈالر کے درمیان ہیں۔

کمپنی کے سی ای او گریگ لانگ اسٹریٹ نے ایک بیان میں کہا، “تمام دستیاب آپشنز کا بغور جائزہ لینے کے بعد، ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ عدالت کی زیر نگرانی فروخت کا عمل ہمارے کاروبار کو بہتر بنانے اور ایک مضبوط اور پائیدار ڈیل مونٹی فوڈز بنانے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔”

کمپنی نے مالی سال 2024 میں جویبا اور بروتھ کی فروخت میں اضافہ دیکھا ہے، لیکن یہ ڈیل مونٹی کی مشہور کین والی مصنوعات کی کمزور فروخت کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔

ایک مالیاتی مشاورتی فرم ‘ڈیبٹ وائر’ کی قانونی اور تنظیم نو کی عالمی سربراہ سارہ فوس نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا، “صارفین کی ترجیحات پریزرویٹوز سے بھرپور ڈبہ بند کھانوں سے ہٹ کر صحت بخش متبادلات کی طرف منتقل ہو گئی ہیں۔”

اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے نے بھی صارفین کو سستے اسٹور برانڈز تلاش کرنے پر مجبور کیا ہے۔ گزشتہ ماہ، کنزیومر پرائس انڈیکس رپورٹ میں خوراک کی قیمت میں 0.3 فیصد اور پچھلے سال کے اسی وقت کے مقابلے میں 2.2 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔

ایک اور دھچکا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے درآمدی اسٹیل پر 50 فیصد ٹیرف کی صورت میں متوقع ہے۔ یہ جون میں نافذ ہوا اور اس سے ڈیل مونٹی اور دیگر کمپنیوں کو کین کے لیے ادا کی جانے والی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا۔

ڈیل مونٹی فوڈز، جو سنگاپور کی ڈیل مونٹی پیسیفک کی ملکیت ہے، کو پچھلے سال قرض دہندگان کے ایک گروپ کی جانب سے ایک مقدمے کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا جنہوں نے کمپنی کے قرض کی تنظیم نو کے منصوبے پر اعتراض کیا تھا۔ کمپنی کے ایک بیان کے مطابق، یہ کیس مئی میں ایک قرض کے ساتھ طے پایا جس سے ڈیل مونٹی کے سود کے اخراجات میں سالانہ 4 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔

اپنا تبصرہ لکھیں