انڈونیشیا: بالی کے قریب سمندر میں قیامت، 65 مسافروں سے بھری فیری ڈوب گئی، 43 افراد لاپتہ

انڈونیشیا: بالی کے قریب سمندر میں قیامت، 65 مسافروں سے بھری فیری ڈوب گئی، 43 افراد لاپتہ

جکارتہ: انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے بالی کے قریب 65 افراد کو لے جانے والی ایک فیری سمندر میں ڈوب گئی ہے، جس کے نتیجے میں 43 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

قومی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ‘کے ایم پی ٹونو پراتاما جایا’ نامی فیری مشرقی جاوا کی کیتاپانگ بندرگاہ سے روانہ ہونے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد بدھ کی شب ڈوب گئی۔ فیری 50 کلومیٹر (30 میل) دور بالی کی گیلی مانوک بندرگاہ کی جانب گامزن تھی۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ فیری میں 53 مسافر، عملے کے 12 ارکان اور 22 گاڑیاں سوار تھیں، جن میں 14 ٹرک بھی شامل تھے۔

بانیووانگی کے پولیس چیف راما سمتاما پوترا نے بتایا کہ اب تک دو لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 20 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ بچائے گئے افراد میں سے کئی گھنٹوں تک سمندر کی تلاطم خیز لہروں میں رہنے کے باعث بے ہوش تھے۔

امدادی کارروائیوں میں نو کشتیاں حصہ لے رہی ہیں، جن میں دو ٹگ بوٹس اور دو انفلٹیبل بوٹس بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں بدھ کی رات سے لاپتہ افراد کی تلاش کر رہی ہیں اور انہیں رات کے اندھیرے میں 2 میٹر (6.5 فٹ) تک بلند لہروں کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ 17,000 سے زائد جزائر پر مشتمل ملک انڈونیشیا میں فیری حادثات عام ہیں، جہاں فیری کو اکثر ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد میں اکثر کوتاہی برتی جاتی ہے۔

مزید تفصیلات کا انتظار ہے…

اپنا تبصرہ لکھیں