ٹنڈولکر کا برسوں پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا! شبمن گل کی طوفانی اننگز، انگلش ٹیم مشکلات کا شکار

برمنگھم: انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھارتی کپتان شبمن گل نے 269 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کا بڑا ریکارڈ توڑ دیا، جس کے بعد بھارتی بولرز نے انگلش ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔

ایجبسٹن میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 77 رنز پر 3 وکٹیں گنوا دیں اور اسے بھارت کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 510 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل بھارت نے کپتان شبمن گل کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت 587 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ گل نے نہ صرف برصغیر سے باہر 250 سے زائد رنز بنانے والے پہلے بھارتی بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ سچن ٹنڈولکر کا 241 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس کے علاوہ وہ ویرات کوہلی (254) کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے بھارتی کپتان بھی بن گئے۔

گل نے انتہائی پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلے دن کے اسکور 310 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا آغاز کیا۔ انہوں نے رویندرا جدیجا کے ساتھ مل کر 203 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور پھر واشنگٹن سندر کے ساتھ 144 رنز جوڑے۔ گل کی اننگز میں خوبصورت ڈرائیوز اور بہترین ٹائمنگ کے ساتھ کھیلے گئے شاٹس شامل تھے۔

میچ کے دوسرے دن جب بھارتی بولرز میدان میں اترے تو انہوں نے انگلش بلے بازوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا۔ آکاش دیپ نے لگاتار دو گیندوں پر بین ڈکٹ اور اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد سراج نے زیک کرالی کی وکٹ حاصل کرکے انگلینڈ کو 25 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ کی مشکل صورتحال میں دھکیل دیا۔

شبمن گل نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”ہم نے فیلڈنگ کے شعبے پر خاص بات کی تھی اور یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ اس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ اگر ہم 400 سے زائد رنز بناتے ہیں تو میچ میں ہماری پوزیشن مضبوط ہوگی۔“

دن کے اختتام پر ہیری بروک 30 اور جو روٹ 18 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور ان کے درمیان 52 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی ہے۔ انگلینڈ کو سیریز برابر کرنے کے لیے اس میچ میں غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں