ماسکو: عالمی سیاست میں ایک بڑی پیشرفت میں، روس نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا ہے، اور وہ 2021 میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ایسا کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ‘دوطرفہ تعاون کی راہ ہموار کرے گا’۔
دوسری جانب، طالبان نے روس کے اس فیصلے کو ایک ‘جرات مندانہ قدم’ قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب طالبان حکومت عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا شکار ہے۔
واضح رہے کہ اگست 2021 میں کابل پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا تھا۔ روس کا یہ اقدام افغانستان کی موجودہ انتظامیہ کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی سمجھی جا رہی ہے اور اس سے دیگر ممالک کے لیے بھی طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔