محرم الحرام: کراچی میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ، ڈبل سواری پر پابندی عائد، کون کون سے راستے بند؟

کراچی: حکومت سندھ نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے تحت شہر قائد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

ملک بھر میں ماہِ محرم کے دوران مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔

کراچی میں مرکزی جلوس کے لیے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار اہلکار اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حکومت نے جلوس کے مرکزی روٹ پر موبائل فون سروس بھی معطل کردی ہے، جو نشتر پارک سے شروع ہوچکا ہے۔

حکام کی جانب سے جلوس کے راستوں پر بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ روٹس کو سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیک کیا جارہا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگرانی کا عمل جاری ہے۔

اس کے علاوہ ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے اور ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل اور لائٹ ہاؤس مارکیٹوں کی دکانیں بھی سیل کردی گئی ہیں۔ جلوس کے راستوں سے منسلک گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

صرف جلوس کے اسٹیکرز والی گاڑیوں کو ہی آگے بڑھنے کی اجازت ہوگی۔ شاہراہ قائدین سے آنے والی گاڑیاں خداداد کالونی سگنل سے آگے نہیں جاسکیں گی۔ گرومندر سے آگے ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے اور مسافروں کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ یا نشتر روڈ کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

مزید برآں، ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور گارڈن کی طرف موڑا جا رہا ہے جبکہ سپر ہائی وے سے آنے والی گاڑیوں کو لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔ لیاقت آباد سے سفر کرنے والے افراد کو تین ہٹی، مارٹن روڈ اور جیل روڈ کی طرف ہدایت دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں