ن لیگ کو سادہ اکثریت مل گئی، پیپلز پارٹی کیساتھ اتحاد کا مستقبل کیا ہوگا؟ اسحاق ڈار نے بڑا اعلان کردیا

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت ملنے کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ایک کلیدی اتحادی رہے گی۔

لاہور میں داتا دربار پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ‘پی پی پی ہماری اتحادی ہے اور رہے گی’۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2024 کے عام انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر حکومت بنانا ممکن نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت جماعت مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی رہی اور نواز شریف کی جماعت استحکام کے دور میں اسے تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ اتحادی شراکت دار نے مسلم لیگ (ن) سے کسی بھی وزارتی قلمدان کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔

ان کا یہ بیان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن کے بعد سامنے آیا، جس سے حکمران اتحاد کو ایوانِ زیریں میں دو تہائی اکثریت حاصل ہوگئی اور اس کی نشستوں کی تعداد 218 سے بڑھ کر 235 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ای سی پی کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی روشنی میں آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں، جس کے بعد ان نشستوں کا بڑا حصہ حکمران اتحاد کو مل گیا۔

اس سے قبل رواں ہفتے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ یہ مکمل طور پر پیپلز پارٹی پر منحصر ہے کہ وہ موجودہ حکومت میں شامل ہوتی ہے یا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون ملک کے قومی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے نتیجہ خیز ثابت ہوسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں