ایوان صدر میں بڑی تبدیلی کی افواہیں، کیا صدر مملکت کو ہٹایا جا رہا ہے؟ محسن نقوی نے سب بتا دیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری کو عہدے سے ہٹانے اور 27 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ‘سوشل میڈیا کی قیاس آرائیاں’ قرار دے دیا ہے۔

عاشورہ کے موقع پر سندھ کے شہر روہڑی کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر کان نہ دھریں۔

ایک صحافی نے جب ان سے صدر زرداری کو عہدے سے ہٹائے جانے اور ایک اور آئینی ترمیم کی بازگشت پر تبصرہ کرنے کو کہا تو وزیر داخلہ نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کی۔

انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ عاشورہ کے احترام میں کم از کم دو دن سیاسی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ‘کچھ لوگوں کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی کہ پہلی بار سیاستدان، حکومت اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں، ایسے عناصر گمراہ کن بیانیہ پھیلا رہے ہیں’۔

وزیر داخلہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں کی بحالی پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے، جس کے بعد حکومتی اتحاد کو ایوان زیریں میں دو تہائی اکثریت مل گئی ہے۔

دوسری جانب، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے نتیجے میں (ن) لیگ کی سادہ اکثریت کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ایک اہم اتحادی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی رہی اور نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) استحکام کے دور میں اسے تنہا نہیں چھوڑے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں