ایجبسٹن میں آکاش دیپ کا راج، انگلش بیٹنگ لائن زمین بوس، بھارت نے سیریز برابر کر دی!

برمنگھم: فاسٹ باؤلر آکاش دیپ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 336 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پانچ میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔

ایجبسٹن میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز سٹار باؤلر جسپریت بمراہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے آکاش دیپ نے انگلش بلے بازوں پر قہر ڈھا دیا۔ انہوں نے دوسری اننگز میں 99 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور اپنے مختصر ٹیسٹ کیریئر میں پہلی بار ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام دیا۔ آکاش دیپ نے میچ میں مجموعی طور پر 187 رنز کے عوض 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارت کی جانب سے دیے گئے 608 رنز کے عالمی ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے آخری دن کے کھیل کا آغاز 72 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تھا۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 271 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس میں جیمی اسمتھ 88 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت نے ایجبسٹن کے میدان پر اپنی نویں کوشش میں پہلی ٹیسٹ فتح حاصل کی۔

اس میچ میں بھارت کی فتح کے دوسرے ہیرو کپتان شبمن گل رہے، جنہوں نے پہلی اننگز میں 269 اور دوسری اننگز میں 161 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ جمعرات سے لارڈز میں شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں