اسلام آباد: سویڈن کی حکومت نے پاکستانیوں کے لیے ویزا سروسز کی بحالی کا اعلان کردیا ہے، جس پر دفتر خارجہ نے خیرمقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق سویڈن نے اسلام آباد میں مختصر مدت کے قیام کے لیے ویزا سروسز دوبارہ شروع کردی ہیں، جس سے پاکستانیوں کو سویڈن کے سفر میں سہولت ملے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 7 جولائی سے پاکستانی شہری 90 روز تک کے قیام کے لیے سویڈن کے شینگن ویزا کی درخواست پاکستان سے ہی دے سکیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اس مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام کی عکاسی کرتی ہے۔‘
یہ پیش رفت گزشتہ ہفتے پاکستان اور سویڈن کی وزارت خارجہ کے درمیان ہونے والے دو طرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے بعد سامنے آئی ہے۔
انیسویں دور کے اس اجلاس کے دوران پاکستان اور سویڈن نے گرین ٹرانزیشن، ڈیجیٹلائزیشن، پائیدار ٹیکنالوجیز اور آئی سی ٹی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی۔