ملک کی 4 ہائی کورٹس میں نئے چیف جسٹسز تعینات، اہم ترین ناموں کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے ملک کی چاروں ہائی کورٹس میں مستقل چیف جسٹسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کیا گیا ہے، جب کہ جسٹس جنید غفار سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہوں گے۔

بلوچستان میں جسٹس روزی خان بڑیچ کو بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح جسٹس عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پیشرفت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کی جانب سے چاروں ہائی کورٹس کے لیے مستقل چیف جسٹسز نامزد کیے جانے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز نے جسٹس ڈوگر کی بطور قائم مقام چیف جسٹس تعیناتی اور تین دیگر ججز کے تبادلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ یہ درخواست جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے دائر کی تھی۔

تاہم، سپریم کورٹ نے 19 جون کو ججز کے تبادلے کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ جسٹس ڈوگر اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد ججز نے ایک نظرثانی درخواست دائر کی تھی جو زیر التوا ہے۔ بعد ازاں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچوں ججز نے سپریم کورٹ کے 19 جون کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل (آئی سی اے) بھی دائر کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں