مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بربریت، فلسطینی خاتون آنکھوں کے سامنے اپنا گھر مسمار ہوتے دیکھتی رہی
رملہ: مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض افواج نے ایک فلسطینی خاتون کا گھر بلڈوزر کے ذریعے مسمار کر دیا، اور وہ بے بسی کے عالم میں اپنی عمر بھر کی جمع پونجی کو ملبے کا ڈھیر بنتے دیکھتی رہی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، یہ دلخراش واقعہ رملہ کے قریب پیش آیا جہاں اسرائیلی فوجیوں نے بھاری مشینری کی مدد سے گھر کو زمین بوس کر دیا۔ متاثرہ خاتون اس دوران صرف دور کھڑی آنسو بہاتی رہیں اور اپنی بے بسی کا اظہار کرتی رہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ کوئی انفرادی واقعہ نہیں بلکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت کا تسلسل ہے۔ قابض اسرائیلی حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 100 سے زائد فلسطینی گھروں کو مسمار کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں گھروں کی مسماری کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور اجتماعی سزا قرار دیتی ہیں، لیکن اسرائیل کی جانب سے یہ سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔