اسلام آباد: چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس (PLAAF) کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ (پی اے ایف) کے پائلٹس کے فیصلہ کن اور نپے تلے جواب کی بھرپور تعریف کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں غیر provoked جارحیت کے جواب میں درستگی، نظم و ضبط اور ہمت کی بہترین مثال قائم کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل وانگ نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور فضائی طاقت و آپریشنل ہم آہنگی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل وانگ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور جدید صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے پی اے ایف کی ملٹی ڈومین آپریشنز کی صلاحیت سے متاثر ہوکر اسے جدید فضائی جنگ کا طرہ امتیاز قرار دیا اور اس جنگی تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
چینی فوجی رہنما نے پاک فضائیہ کی قیادت کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک بصیرت کو سراہتے ہوئے حالیہ پاک بھارت تنازع میں پی اے ایف کی مثالی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔
ایئر چیف نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل وانگ کو پاک فضائیہ کے جدید ڈھانچے، اسٹریٹجک اقدامات اور آپریشنل نظریے کے ارتقا پر جامع بریفنگ دی گئی۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے کا اعادہ کیا اور تربیت، ٹیکنالوجی اور آپریشنل شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعاون اور جدت پر مبنی اشتراک کے ذریعے اپنی آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا ثبوت ہے۔