گوری پاکستانی نوجوان کے عشق میں گرفتار، سات سمندر پار کرکے دیر بالا پہنچ گئی

دیر بالا: محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اس مقولے کو سچ ثابت کرتے ہوئے ایک امریکی خاتون فیس بک پر ہونے والے پیار کو نبھانے کیلئے سات سمندر پار کرکے پاکستان پہنچ گئیں۔

امریکی خاتون مینڈی، خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا کے رہائشی ساجد زیب خان سے شادی کرنے کیلئے پاکستان پہنچی ہیں۔ ساجد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مینڈی کا استقبال کیا جہاں سے وہ دونوں دیر بالا کے علاقے عشیرئی درہ روانہ ہوگئے۔

شکاگو میں فلائٹ اٹینڈنٹ کے طور پر کام کرنے والی مینڈی کا دیر پہنچنے پر مقامی افراد نے پرتپاک استقبال کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد زیب نے بتایا کہ ان کی اور مینڈی کی دوستی دو سال قبل فیس بک پر ہوئی تھی اور وقت کے ساتھ ساتھ آن لائن تعلق مضبوط ہونے پر مینڈی نے انہیں شادی کی پیشکش کی۔ دیر بالا کے نوجوان نے بتایا کہ انہوں نے یہ پیشکش قبول کرلی اور دونوں نے اپنے اہل خانہ کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا۔

ساجد نے پولیس کو بتایا کہ انہیں سکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ جلد ہی شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا نکاح منگل کو اسلامی اصولوں اور مقامی روایات کے مطابق ہوگا۔

ساجد کے گھر سے ریکارڈ کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں مینڈی کا کہنا تھا کہ ’میرا نام مینڈی ہے اور میں امریکا سے ہوں۔ میں پہلی بار پاکستان آئی ہوں، یہ ایک بہت ہی خوبصورت اور پرامن ملک ہے۔ میں ساجد خان کیلئے یہاں آئی ہوں اور ہم جلد شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں‘۔

اپنا تبصرہ لکھیں