لاہور: مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں محرم الحرام 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اور یومِ عاشور 6 جولائی بروز اتوار کو ہوگا۔
چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی، زونل اور ضلعی رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی متعدد شہادتیں موصول ہوئیں۔
محرم الحرام کو اسلام کے چار مقدس مہینوں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔ اس کی 10 تاریخ کو یومِ عاشور منایا جاتا ہے جب میدانِ کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین (رضی اللہ عنہ) کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ شہید کردیا گیا تھا۔ اس مہینے میں ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا انعقاد کیا جاتا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات میں علمائے کرام اجتماعات سے خطاب کرتے ہیں۔
دوسری جانب، وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت قومی سلامتی کے منصوبے پر نظرثانی کے لیے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مقدس اسلامی مہینے کے دوران موبائل فون یا انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ محرم سیکیورٹی سے متعلق تمام ضروری اقدامات اور فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے اور وفاقی حکومت امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی بدامنی پھیلانے یا تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جلوسوں اور اجتماعات کی جدید ٹیکنالوجی سے نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
علاوہ ازیں، اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں علما و مشائخ امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈاکٹر راغب نعیمی نے کی۔ کانفرنس کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام شہریوں کو آئین اور ریاست پاکستان سے وفاداری کا حلف برقرار رکھنا چاہیے۔ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ریاست کو نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حق حاصل ہے اور زبردستی اپنے عقائد دوسروں پر مسلط کرنا شریعت کی صریح خلاف ورزی ہے۔