محرم میں سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کیخلاف گھیرا تنگ، خصوصی ٹیم تشکیل

اسلام آباد: وزارت داخلہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے محرم کے دوران سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد، غلط معلومات اور اشتعال انگیزی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مذہبی منافرت پر مبنی سوشل میڈیا پوسٹس کی نگرانی کے لیے تکنیکی ماہرین، ڈیجیٹل تجزیہ کاروں اور نفرت انگیز مواد کی نگرانی کرنے والے افسران پر مشتمل ماہرین کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ محرم کے دوران سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کو روکنا اولین ترجیح ہوگی اور نفرت پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ محرم 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اور یومِ عاشور 6 جولائی بروز اتوار کو ہوگا۔

محرم اسلامی کیلنڈر کے چار مقدس مہینوں میں سے ایک ہے۔ اس کی 10 تاریخ کو یوم عاشور ہوتا ہے جب کربلا کے میدان میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ شہید کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں، وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت قومی سلامتی کے منصوبے پر نظرثانی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ مقدس اسلامی مہینے کے دوران موبائل فون یا انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کا فیصلہ صوبوں کے ساتھ مشاورت سے کیا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محرم کی سکیورٹی سے متعلق تمام ضروری اقدامات اور فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جائیں گے اور وفاقی حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی بدامنی پھیلانے یا تخریبی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جلوسوں کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی سے کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں