کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑے ایک کارگو طیارے سے لوڈر ٹرک ٹکرا گیا جس کے بعد طیارے کو معائنے کیلئے گراؤنڈ کردیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع نے جمعہ کو دیر گئے بتایا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق، طیارہ پارکنگ بے میں کھڑا تھا جب اچانک ایک لوڈر ٹرک اس سے ٹکرا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ممکنہ طور پر گاڑی کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
تصادم کے بعد طیارے کو فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا، جبکہ تکنیکی ٹیم نے نقصان کا تخمینہ لگانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے اور گراؤنڈ آپریشنز میں کسی ممکنہ کوتاہی کا جائزہ لیا جا سکے۔
حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔