قاہرہ: مصر کے شمالی صوبے منوفیہ میں ایک ٹرک اور مزدوروں کو لے جانے والی منی بس کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر کم عمر لڑکیاں شامل ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق یہ دلخراش واقعہ جمعہ کی صبح سویرے دارالحکومت قاہرہ کے شمال میں واقع شہر اشمون کی ایک علاقائی سڑک پر پیش آیا، جب مزدور اپنے کام پر جا رہے تھے۔
سرکاری اخبار ‘اخبار الیوم’ کے مطابق، ٹرک نے منی بس کو اس وقت ٹکر ماری جب وہ مزدوروں کو ان کے گاؤں ‘کفر السنابسا’ سے کام کی جگہ پر لے جا رہی تھی۔
سرکاری روزنامہ ‘الاہرام’ کی جانب سے شائع کردہ ناموں اور عمروں کی فہرست کے مطابق، جاں بحق ہونے والے زیادہ تر مزدور نوجوان تھے، جن میں سے دو کی عمر صرف 14 سال تھی۔ مصری میڈیا نے اس حادثے کے متاثرین کو ‘روزی روٹی کے شہید’ کا نام دیا ہے۔
مصر کی وزارت محنت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حادثے میں صرف تین افراد زندہ بچ پائے ہیں جنہیں جنرل اشمون اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مصر کے وزیر محنت محمد جبران نے حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو دو لاکھ مصری پاؤنڈ (تقریباً 4,000 ڈالر) فی کس اور ہر زخمی کو 20,000 مصری پاؤنڈ (400 ڈالر) معاوضہ ادا کریں۔
صوبہ منوفیہ کے گورنر ابراہیم ابو لیمون نے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جائیں گی۔ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تیز رفتاری اس حادثے کا ایک اہم سبب ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ مصر میں ہر سال ٹریفک حادثات میں ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں تقریباً 13 لاکھ نابالغ بچے کسی نہ کسی شکل میں چائلڈ لیبر میں مصروف ہیں۔