پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی مہنگی پڑگئی، اسپیکر نے 2 درجن سے زائد اپوزیشن ارکان معطل کردیئے

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی، نعرے بازی اور دستاویزات پھاڑنے پر اپوزیشن کے 26 اراکین کی رکنیت معطل کردی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اراکین کی معطلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کا تقدس اور نظم و ضبط ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کا حق تسلیم ہے، لیکن اس کی حدود آئین، قانون اور قواعد کے تابع ہیں۔

اسپیکر کا یہ اقدام جمعے کو مالی سال 2025-26 کے بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کے غیر پارلیمانی رویے کے بعد سامنے آیا۔

27 جون کو جاری کردہ حکمنامے میں، اسپیکر نے قواعد و ضوابط 1997 کے رول 210(3) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن اراکین کو اسمبلی کے کل 15 اجلاسوں کے لیے معطل کیا۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ احتجاج اور اظہار رائے کی آزادی کا حق مطلق نہیں بلکہ مناسب حدود کے ساتھ مشروط ہے۔ “جب اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن اراکین کا رویہ تمام پارلیمانی استدلال اور طریقوں سے بالاتر ہو کر غیر منظم ہوگیا، جس کی قواعد کے تحت قطعی اجازت نہیں ہے۔”

حکمنامے کے مطابق، “انہوں نے ایجنڈے کے کاغذات پھاڑنا شروع کر دیے اور پھٹے ہوئے ٹکڑے حکومتی بنچوں کی طرف پھینکے؛ انہوں نے توہین آمیز، گالی گلوچ اور غیر پارلیمانی زبان اور نعروں کا استعمال کیا؛ انہوں نے حکومتی اراکین کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی۔”

ملک محمد احمد خان نے یاد دلایا کہ انہوں نے بارہا ایوان کو پرسکون کرنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن نے قواعد کے مطابق عمل کرنے سے انکار کیا اور بد نظمی پر اصرار کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اپوزیشن نے مسلسل قواعد کی خلاف ورزی اور اسمبلی کی کارروائی میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈال کر اسپیکر کی حیثیت سے ان کے اختیار کو نظر انداز کیا۔

**معطل کیے گئے اپوزیشن اراکین کی فہرست:**

* ملک فرہاد مسعود
* محمد تنویر اسلم
* سید رفعت محمود
* یاسر محمود قریشی
* کلیم اللہ خان
* محمد انصر اقبال
* علی آصف
* ذوالفقار علی
* احمد مجتبیٰ چوہدری
* شاہد جاوید
* محمد اسماعیل
* خیال احمد
* شہباز احمد
* طیب راشد
* امتیاز محمود
* علی امتیاز
* راشد طفیل
* محمد مرتضیٰ اقبال
* خالد زبیر نثار
* چوہدری محمد اعجاز شفیع
* صائمہ کنول
* محمد نعیم
* سجاد احمد
* رانا اورنگ زیب
* شعیب امیر
* اسامہ اصغر علی گجر

پریس کانفرنس کے دوران اسپیکر خان نے زور دیا کہ ایوان کے تقدس کو یقینی بنانا اور برقرار رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔ اپوزیشن کے رویے کو “افسوسناک” قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جمہوری اور پارلیمانی روایات کو برقرار رکھنے پر یقین رکھتے ہیں۔

اسپیکر نے مزید کہا کہ “کسی کو بھی اسمبلی کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”

انہوں نے نشاندہی کی کہ اگر کوئی رکن قواعد کو تسلیم کرنے میں ناکام رہتا ہے تو اسے ایوان میں داخل ہونے سے روکنا ان کی ذمہ داری ہے۔ ملک محمد احمد خان نے بتایا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے 26 اراکین کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ریفرنس بھیج رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں