بڈا پسٹ: ہنگری کے دارالحکومت بڈا پسٹ میں حکومتی پابندی اور وزیر اعظم وکٹر اوربان کی جانب سے قانونی نتائج کی وارننگ کے باوجود ہزاروں افراد ایل جی بی ٹی کیو پرائیڈ مارچ میں شرکت کے لیے جمع ہوگئے ہیں، جو یورپی یونین میں ایل جی بی ٹی کیو حقوق کے لیے ایک بے مثال مزاحمت کی علامت ہے۔
ہفتے کے روز ہونے والے اس مارچ میں ریکارڈ تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ یہ تقریب وزیر اعظم وکٹر اوربان کے حکمران اتحاد کی جانب سے اس سال کے شروع میں قوانین اور آئین میں ترمیم کے بعد منعقد ہو رہی ہے جس کے تحت سالانہ جشن پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اوربان حکومت کا موقف ہے کہ یہ قانون سازی روایتی خاندانی اقدار کا دفاع کرتی ہے اور بچوں کی حفاظت کرتی ہے۔
اگرچہ وزیر اعظم کو امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اینٹی ڈائیورسٹی مہم سے حوصلہ ملا ہے، لیکن ان کے اپنے اقدامات پر ملک میں احتجاج اور یورپی یونین اور انسانی حقوق کے گروپوں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔
جرمانے کے خطرے کے باوجود، 35,000 سے زائد افراد کے بڈا پسٹ کے سٹی ہال کے قریب جمع ہونے کی توقع ہے۔ کئی یورپی یونین ممالک کے وزراء اور درجنوں یورپی سیاستدانوں کی بھی اس پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شرکت متوقع ہے، جو 2006 میں ماسکو اور 2015 میں استنبول کے واقعات کی یاد تازہ کرتی ہے۔
منتظمین کو ایک سال تک قید کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ شرکاء پر 500 یورو (580 ڈالر) تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ حالیہ قانونی تبدیلیاں حکام کو شرکاء کی شناخت کے لیے چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اختیار بھی دیتی ہیں۔
تاہم، بڈا پسٹ کے میئر جرجیلی کاراچونی نے اصرار کیا ہے کہ کسی بھی شریک کو کسی قسم کی انتقامی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ یہ مارچ، جو اس بار سٹی ہال کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، ایک میونسپل ایونٹ ہے اور اسے پولیس کی منظوری کی ضرورت نہیں۔
انتہائی دائیں بازو کے گروپوں نے جلوس کے منصوبہ بند راستے پر متعدد جوابی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
2010 میں اوربان کے اقتدار میں واپسی کے بعد سے، 9.6 ملین آبادی والے اس ملک میں ایل جی بی ٹی کیو حقوق کو مسلسل کم کیا جا رہا ہے۔ قانونی تبدیلیوں کے ذریعے ہم جنس پرست جوڑوں کو بچے گود لینے سے روکا گیا، ٹرانسجینڈر افراد کو سرکاری دستاویزات میں اپنا نام یا جنس تبدیل کرنے سے روکا گیا، اور 2021 کے ایک قانون نے 18 سال سے کم عمر افراد میں ہم جنس پرستی کے ‘فروغ’ پر پابندی عائد کر دی۔
مارچ میں سیاستدانوں نے سالانہ پرائیڈ مارچ کو نشانہ بنانے والا ایک بل منظور کیا، جس میں 2021 کے قانون میں ترمیم کرکے اس کی دفعات کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی اجتماع کو ممنوع قرار دیا گیا۔ ایک ماہ بعد، پارلیمنٹ نے پابندی کی قانونی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے آئینی تبدیلی بھی منظور کی۔
سیاسی تجزیہ کار ڈینیئل میکیز نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ‘اوربان اگلے سال کے انتخابات سے قبل ایک تنازعہ پیدا کرکے ایک آزمودہ نسخہ استعمال کر رہے ہیں’۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوربان ‘معاشرے کو پولرائز’ کر رہے تھے۔