کراچی: لیاری کے نوجوان سے سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد محبت اور پھر شادی کے بندھن میں بندھنے والی تیونسی خاتون نے طلاق کے بعد دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی ہے۔
پولیس کے مطابق، 19 سالہ تیونسی شہری سینڈا ایاری کی لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی جو محبت میں بدل گئی۔ محبت کو انجام تک پہنچانے کیلئے سینڈا 28 نومبر 2024 کو پاکستانی ویزے پر کراچی پہنچیں اور عامر سے شادی کرلی۔
ابتدائی طور پر جوڑا خوش و خرم زندگی گزارتا رہا لیکن حالیہ مہینوں میں معمولی تنازعات نے شدت اختیار کرلی، جس کے بعد عامر نے اسے طلاق دے دی۔ طلاق کے بعد سینڈا پاکستان میں ہی پھنس گئیں کیونکہ ان کا 90 دن کا ویزا 18 فروری کو ختم ہوچکا تھا، جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔
جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد وزارت داخلہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے خاتون کو ہنگامی ایگزٹ پرمٹ جاری کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ویزا حکام نے خاتون سے دستاویزات طلب کرکے ایگزٹ کلیئرنس کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پہنچنے سے قبل خودکشی کی کوشش کی تھی۔ ایک ویڈیو بیان میں سینڈا نے بتایا، ”میں نے ٹکٹ خرید کر جانے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن عامر نے نہ میری پرواہ کی اور نہ ہی کوئی توجہ دی۔“
**خاتون کے الزامات**
سینڈا نے اپنے ویڈیو بیان میں شوہر اور سسرالیوں پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا، “ایک بار میں نے کھڑکی سے کوئی چیز باہر پھینکی تو وہ اتنا غصہ ہوا کہ اس نے مجھے تھپڑ مار دیا۔ جب میں نے جواب میں تھپڑ مارا تو اس نے میرے بازو مروڑ دیے۔”
اس نے مزید الزام لگایا کہ عامر اسے مارتا رہا اور اس کے والد نے بھی تشدد میں حصہ لیا۔ ”جب میں نے عامر سے کہا کہ وہ اپنے والد کو جانے کو کہے تو اس کے والد نے میرے چہرے پر لات ماری۔ اس کے بعد عامر نے مجھے طلاق دے دی، مجھے نہیں معلوم کہ اس کے بعد کیا ہوا۔“ سینڈا نے مزید کہا کہ اس نے اپنی جان لینے کے لیے کھڑکی سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی کیونکہ وہ اپنے ہوش و حواس میں نہیں تھی۔
**اہلخانہ کا موقف**
دوسری جانب، رابطہ کرنے پر عامر کے اہلخانہ نے بتایا کہ انہوں نے سینڈا کو بار بار تیونس سے پاکستان آنے سے منع کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس کے اخراجات برداشت نہیں کر پائیں گے۔ تاہم، اس نے آنے پر اصرار کیا اور یقین دلایا کہ وہ ہر حال میں رہنے کو تیار ہے۔
اہلخانہ کے مطابق، شادی کے بعد سینڈا کا رویہ عجیب ہوگیا۔ وہ اکثر عامر سے جھگڑتی اور جسمانی تشدد پر اتر آتی تھی، جس سے گھر کا سکون تباہ ہوگیا تھا۔ بالآخر، معاملات اس نہج پر پہنچ گئے کہ علیحدگی ہی واحد راستہ بچا تھا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سینڈا کسی کی نہیں سنتی تھی اور اکثر بغیر دوپٹے یا جوتوں کے گھر سے باہر نکل کر کھڑی ہو جاتی تھی۔
پولیس نے خاتون کو اپنی تحویل میں لے کر اس کی تیونس بحفاظت واپسی کے لیے انتظامات شروع کردیے ہیں۔