پاکستان میں بارشوں کی تباہ کاریاں: سیلاب اور چھتیں گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 32 ہوگئی، الرٹ جاری

پاکستان بھر میں مون سون سیزن کے آغاز سے ہی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 32 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران سیلابی ریلوں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 19 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔ کل ہلاکتوں میں سے 13 کا تعلق وادی سوات سے ہے۔

دوسری جانب، مشرقی صوبہ پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بدھ سے اب تک کم از کم 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے آٹھ بچے تھے جو شدید بارش کے دوران دیواریں اور چھتیں گرنے سے جاں بحق ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیلاب سے 56 مکانات کو بھی نقصان پہنچا، جن میں سے چھ مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی ریلوں کا خطرہ کم از کم منگل تک برقرار رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی جنوبی ایشیائی ملک میں شدید طوفانوں کے باعث کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے اور اس کے 24 کروڑ باشندوں کو تواتر کے ساتھ شدید موسمی واقعات کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں