اسمگلروں کے خواب چکنا چور! برطانیہ میں اربوں روپے مالیت کی 2 ٹن سے زائد کوکین ضبط، کھیپ کہاں سے آرہی تھی؟

لندن: برطانیہ میں بارڈر حکام نے پاناما سے آنے والے ایک بحری جہاز سے 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالر (تقریباً 37 ارب پاکستانی روپے) مالیت کی کوکین ضبط کرلی ہے۔

بارڈر فورس کے میری ٹائم ڈائریکٹر، چارلی ایسٹاؤ، نے ہفتے کے روز بتایا کہ دارالحکومت کے قریب لندن گیٹ وے بندرگاہ پر پکڑی گئی 2.4 ٹن منشیات کی یہ بھاری مقدار ‘اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک’ تھی۔

برطانیہ کی وزارت داخلہ نے تصدیق کی کہ پاناما سے آنے والے جہاز پر کنٹینرز کے نیچے سے ملنے والی یہ کھیپ ریکارڈ کے مطابق چھٹی سب سے بڑی کوکین کی ضبطی تھی۔ ماہر افسران نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی جانے والی ایک کارروائی کے بعد اس ماہ کے شروع میں اس کھیپ کا سراغ لگایا تھا، اور اس ذخیرے تک پہنچنے کے لیے 37 بڑے کنٹینرز کو ہٹانا پڑا۔

نیشنل کرائم ایجنسی کے مطابق، برطانیہ کوکین کے لیے یورپ کی سب سے بڑی منڈیوں میں سے ایک ہے۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں کوکین سے متعلق اموات میں 2022 اور 2023 کے درمیان 31 فیصد اضافہ ہوا۔

جمعرات کو، اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے اپنی سالانہ ورلڈ ڈرگ رپورٹ میں بتایا کہ 2023 میں کوکین کی تجارت میں زبردست اضافہ ہوا، اور یہ دنیا کی ‘سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی غیر قانونی منشیات کی مارکیٹ’ ہے۔ رپورٹ کے مطابق کولمبیا میں پیداوار میں اضافے کے ساتھ یورپ، شمالی اور جنوبی امریکا میں اس کی مانگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

یو این او ڈی سی کے مطابق دنیا بھر میں، کوکین استعمال کرنے والوں کی تخمینی تعداد بھی بڑھتی رہی، جو 2023 میں 2 کروڑ 50 لاکھ افراد تک پہنچ گئی، جبکہ 10 سال قبل یہ تعداد 1 کروڑ 70 لاکھ تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں