پرانے زخم پھر ہرے ہوگئے؟ میسی اپنے سابقہ کلب پی ایس جی سے حساب چکانے کو تیار، کلب ورلڈکپ کا سب سے بڑا مقابلہ!

فیفا کلب ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں فٹبال شائقین ایک ایسے سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں جس میں لیونل میسی اپنی نئی ٹیم انٹر میامی کی قیادت کرتے ہوئے اپنے سابقہ کلب، پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

یہ میچ کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فارورڈ میسی، جو بچپن سے بارسلونا کا حصہ تھے، کچھ عرصہ قبل فرانسیسی کلب پی ایس جی میں شامل ہوئے تھے۔ اب وہ یورپی چیمپیئنز کے خلاف اپنی نئی امریکی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس میچ میں پرانی وفاداریوں، حالیہ تلخیوں اور میسی کے لیے حساب برابر کرنے کا موقع بھی پوشیدہ ہے۔

اس مقابلے کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ پی ایس جی کے کوچ لوئس اینریکے اپنے ان چار سابقہ کھلاڑیوں کا سامنا کریں گے جنہیں وہ کبھی بارسلونا میں تربیت دے چکے ہیں: میسی، لوئس سواریز، جورڈی البا اور سرجیو بسکیٹس۔ یہ تمام ستارے اب میامی کے کوچ جیویر ماسچرانو کے زیر سایہ متحد ہیں، جو خود بھی اینریکے کے دور کے کھلاڑی ہیں۔

یہی نہیں، میامی کے یہ تمام سابقہ بارسلونا کھلاڑی 2017 کی مشہور ‘ریمونٹاڈا’ کا حصہ تھے، جب بارسلونا نے پی ایس جی کو چیمپئنز لیگ میں 4-0 کی شکست کے بعد دوسرے مرحلے میں 6-1 سے عبرتناک شکست دی تھی۔

میسی نے 2021 میں بارسلونا چھوڑنے کے بعد پی ایس جی میں دو سال کا ہنگامہ خیز دور گزارا۔ اگرچہ انہوں نے گھریلو ٹائٹل جیتے، لیکن انہیں پیرس میں کبھی وہ سکون نہیں ملا جس کی انہیں تلاش تھی۔ 2022 میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد کچھ شائقین ان کے خلاف ہوگئے تھے۔ میسی نے خود اس سال کے شروع میں کہا تھا کہ ”میں نے پی ایس جی میں وقت کا لطف نہیں اٹھایا، یہ ایک مشکل دور تھا۔“ میامی کے کوچ ماسچرانو کا ماننا ہے کہ یہی تلخ یادیں میسی کو اضافی تحریک فراہم کر سکتی ہیں۔

پیرس کی ٹیم گروپ مرحلے میں برازیل کے بوٹافوگو سے 1-0 کی شکست کے بعد اٹلانٹا پہنچی ہے، جس نے طویل یورپی سیزن کے بعد تھکاوٹ پر سوالات اٹھائے ہیں۔ دوسری جانب، انٹر میامی اپنے گروپ میں پلمیراس کے بعد دوسرے نمبر پر رہی، جس میں ایک جیت اور دو ڈرا شامل ہیں۔

ٹیم نیوز:

پی ایس جی: عثمان ڈیمبیلے نے ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد تربیت دوبارہ شروع کر دی ہے، لیکن شاید وہ بینچ کے لیے بھی فٹ نہ ہوں۔ گونکالو راموس اور بریڈلی بارکولا کو ڈیزائر ڈو اور خویچا کوارٹسخیلیا کے ساتھ شروع کرنے کے لیے مقابلہ کرنا ہوگا۔

انٹر میامی: جورڈی البا انجری سے واپس آچکے ہیں اور لیفٹ بیک پوزیشن کے لیے نوجوان نوح ایلن کو چیلنج کریں گے۔ ڈریک کیلنڈر، گونزالو لوجان اور یانک برائٹ اب بھی سائیڈ لائن پر ہیں۔ تجربہ کار گول کیپر آسکر اوستاری ان کی جگہ خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

دونوں ٹیموں کی ممکنہ لائن اپ:

پی ایس جی: ڈوناروما؛ حکیمی، مارکوئن ہوس، پاچو، مینڈس؛ روئیز، وٹینہا، نیوس؛ کوارٹسخیلیا، راموس، ڈو۔

انٹر میامی: اوستاری؛ ویگینڈٹ، ایویلیس، فالکن، ایلن؛ ایلینڈے، ریڈونڈو، بسکیٹس، سیگوویا؛ میسی، سواریز۔

یہ مقابلہ نہ صرف دو فٹبال جنات کا ٹاکرا ہے بلکہ ماضی کی یادوں، پرانی دشمنیوں اور بدلے کی آگ کا ایک ایسا امتزاج ہے جو اسے کلب ورلڈ کپ 2025 کا سب سے دلچسپ میچ بناتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں