اسلام آباد: پاکستان کے وسطی علاقوں میں اتوار کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی۔
تاہم، جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (جی ایف زیڈ) نے زلزلے کی شدت 5.5 بتائی ہے۔
کم گہرائی کے اس زلزلے سے فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز پاکستان کے پہاڑی صوبے بلوچستان کے شہر بارکھان سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا اور یہ صبح 3:30 بجے کے قریب آیا۔
دوسری جانب، یورو میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ملتان شہر سے 149 کلومیٹر مغرب میں تھا، جبکہ جی ایف زیڈ نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے موسیٰ خیل اور قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ سیسمک مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق، زلزلے کی شدت 5.5 تھی اور اس کی گہرائی 28 کلومیٹر تھی۔ مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔
حکام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان انڈین اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹوں کی باؤنڈری پر واقع ہے، جس کی وجہ سے یہاں زلزلوں کا خطرہ زیادہ رہتا ہے۔
اس سے قبل 2005 میں 7.6 شدت کے تباہ کن زلزلے میں 73,000 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 35 لاکھ بے گھر ہوگئے تھے، جبکہ 2021 میں بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں آنے والے زلزلے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔