بارش رحمت یا زحمت؟ کراچی میں 7 جانیں نگل گئیں، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

کراچی: بارشوں سے 7 افراد جاں بحق، مزید بارشوں کی پیشگوئی

  • شہر میں چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق۔
  • شہر بھر میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
  • محکمہ موسمیات کی 5 جولائی سے مون سون کے دوسرے اسپیل کی پیشگوئی۔

کراچی: محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے شہر میں تین دن تک وقفے وقفے سے جاری رہنے والی ہلکی اور معتدل بارشوں کے بعد آج (اتوار) کو بھی مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

اگرچہ کراچی کے شہریوں نے شدید گرمی کے بعد ان بارشوں کا خیرمقدم کیا، لیکن مون سون کے حالیہ اسپیل کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں دو روز میں 7 اموات اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں چھت گرنے سے باپ اور بیٹی جاں بحق جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔ اسی طرح منظور کالونی میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا جبکہ باپ اور بیٹا زخمی ہوئے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 4 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نیو کراچی سیکٹر 11-جے میں 40 سالہ گلفام، جبکہ گولیمار میں 22 سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔ سرجانی ٹاؤن میں 21 سالہ احمد اور کورنگی میں 17 سالہ مدثر بھی کرنٹ لگنے سے چل بسے۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی شہر میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور مزید بارش و بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے جبکہ 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل 5 جولائی سے ملک کو متاثر کرے گا۔

ملک بھر میں جاری بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان بھر میں 18 بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران سیلابی ریلوں اور چھتیں گرنے سے 19 افراد کی جانیں گئیں، جن میں سے 13 کا تعلق صرف سوات سے ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں بدھ سے اب تک کم از کم 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں 8 بچے بھی شامل ہیں جو شدید بارش کے دوران دیواریں اور چھتیں گرنے سے ہلاک ہوئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے پاکستان کے متعدد علاقوں کے لیے موسمیاتی الرٹ جاری کیا ہے، جس میں شدید بارش، شہری سیلاب، اور دیگر خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں