کیلیفورنیا: یوٹیوب سے شہرت حاصل کرنے کے بعد باکسنگ کی دنیا میں قدم رکھنے والے جیک پال نے ایک اور بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے سابق مڈل ویٹ چیمپئن جولیو سیزر شاویز جونیئر کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
کیلیفورنیا کے ہونڈا سینٹر میں ہونے والے 10 راؤنڈ کے کروزر ویٹ مقابلے میں 28 سالہ جیک پال نے متفقہ فیصلے سے کامیابی حاصل کی۔ ججز نے مقابلے کا فیصلہ 99-91، 97-93 اور 98-92 کے اسکور سے پال کے حق میں دیا۔
یہ فتح مائیک ٹائسن کے خلاف ان کے بلاک بسٹر مقابلے کے سات ماہ بعد سامنے آئی ہے۔ جیت کے بعد جیک پال نے عالمی چیمپئن بننے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے باکسنگ کی دنیا کے کئی بڑے ناموں کو چیلنج کیا۔ انہوں نے رنگ میں اسٹریمنگ سروس DAZN کو بتایا، “مجھے مزید سخت فائٹرز چاہئیں، میں ورلڈ چیمپئن بننا چاہتا ہوں۔” پال نے زردو رامیریز، بادو جیک، انتھونی جوشوا، گیروونٹا ڈیوس اور ٹومی فیوری جیسے موجودہ اور سابق چیمپئنز کو “بھاگنا بند کرنے” کا چیلنج دیا۔
دوسری جانب، 39 سالہ شاویز جونیئر نے شکست کے بعد کہا کہ جیک پال ایک “اچھا فائٹر” ہے لیکن وہ ان بڑے چیمپئنز کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں جن کا اس نے نام لیا ہے۔ واضح رہے کہ شاویز جونیئر، جو ورلڈ باکسنگ کونسل (WBC) کے سابق مڈل ویٹ چیمپئن ہیں، گزشتہ 13 سال سے کوئی بڑا ٹائٹل نہیں جیت سکے اور پچھلے ساڑھے تین سالوں میں صرف ایک بار رنگ میں اترے ہیں۔
جیک پال، جو ایک سوشل میڈیا اسٹار سے باکسر بنے، اب تک 12-1 کا ریکارڈ رکھتے ہیں جس میں سات ناک آؤٹ شامل ہیں۔ اس کے برعکس، شاویز جونیئر کا کیریئر حالیہ برسوں میں مشکلات کا شکار رہا ہے، جس میں ذاتی مسائل، وزن برقرار رکھنے میں ناکامی اور منشیات کے استعمال جیسے معاملات شامل ہیں۔
اس فتح کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جیک پال کو ورلڈ باکسنگ کونسل (WBC) کی رینکنگ میں شامل کر لیا جائے گا۔ ڈبلیو بی سی کے صدر موریسیو سلیمان نے مقابلے سے قبل کہا تھا، “ڈبلیو بی سی کی ریٹنگ کمیٹی جیک پال کے کیریئر پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگر وہ شاویز کو شکست دیتے ہیں، اور اس بات پر منحصر ہے کہ فائٹ کیسی رہتی ہے، تو کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ اگر وہ فیصلہ کن انداز میں جیتے تو بہت امکان ہے کہ انہیں رینکنگ میں شامل کر لیا جائے گا۔”