اسپین کے ایلیا ٹوپوریا نے چارلس اولیویرا کو پہلے راؤنڈ میں شاندار ناک آؤٹ شکست دے کر یو ایف سی لائٹ ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔ یو ایف سی 317 کے اس مرکزی مقابلے کے علاوہ کو-مین ایونٹ میں الیگزینڈر پینٹوجا نے کائی کارا فرانس کو تیسرے راؤنڈ میں سبمیشن کے ذریعے شکست دے کر فلائی ویٹ ٹائٹل اپنے پاس برقرار رکھا۔
سابق فیدر ویٹ چیمپئن ٹوپوریا نے فروری میں اعلان کیا تھا کہ وہ سابق چیمپئن اسلام ماخاچیف کے ویلٹر ویٹ ڈویژن میں جانے سے خالی ہونے والی بیلٹ کے لیے 155 پاؤنڈ (70 کلوگرام) ڈویژن میں قدم رکھیں گے۔
ہفتے کی شام ان کے اور ٹائٹل کے درمیان 35 سالہ برازیلین سابق لائٹ ویٹ چیمپئن اولیویرا حائل تھے، جنہوں نے شکست سے قبل مختصر طور پر اپنے وسیع تجربے کا مظاہرہ کیا۔
فیدر ویٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد، جس نے انہیں پروفیشنل کیریئر میں 16-0 تک پہنچا دیا، جرمنی میں جارجیائی والدین کے ہاں پیدا ہونے والے ٹوپوریا، اولیویرا کے مقابلے میں کیج میں چھوٹے نظر آئے، لیکن انہوں نے اپنی شاندار اسٹرائیکنگ پاور کا مظاہرہ کرنے سے پہلے برازیلین فائٹر کی گریپلنگ کے خلاف بہترین دفاع کیا۔
اولیویرا، جن سے مئی 2022 میں جسٹن گیتھی کے خلاف دفاعی مقابلے کے لیے وزن پورا نہ کرنے پر لائٹ ویٹ بیلٹ چھین لی گئی تھی، میٹ پر مختصر مقابلے کے دوران اچھے نظر آئے، لیکن ٹوپوریا نے مقابلہ دوبارہ قدموں پر لانے کے لیے خود کو الگ کر لیا اور اس کے فوراً بعد اولیویرا کی شام کا اختتام ہوگیا۔
28 سالہ ٹوپوریا نے ایک زوردار دائیں ہاتھ کے پنچ سے اولیویرا کو حیران کر دیا اور پھر ایک بائیں ہک سے انہیں میٹ پر گرا دیا۔ جیسے ہی ان کی پیٹھ کینوس سے ٹکرائی، ان کی آنکھیں بے نور ہو گئیں اور ٹوپوریا نے پہلے راؤنڈ میں ناک آؤٹ فتح کی اپنی پیش گوئی پوری کردی۔
مقابلے کے بعد ایک انٹرویو میں ٹوپوریا نے کہا، ”میں یہ پہلے ہی کہہ چکا ہوں – میں مکسڈ مارشل آرٹس کی نئی نسل کی نمائندگی کرتا ہوں – یہ کھیل کا اگلا درجہ ہے۔ یہی اگلی چیز ہے، اور میں اسی کی نمائندگی کرتا ہوں۔“
انہوں نے مزید کہا، ”میں نے بالکل وہی کیا جو ہم نے منصوبہ بنایا تھا: بہت سارے جیبز، دایاں ہاتھ، بایاں ہک، اور بوم – ان کی بتیاں گُل ہوگئیں۔“
دیگر مقابلوں میں، جوشوا وان نے فلائی ویٹ میں برینڈن رائول کو متفقہ فیصلے سے شکست دی، جبکہ بینیئل ڈاریوش نے اپنے لائٹ ویٹ مقابلے میں ریناٹو موئیکانو کو متفقہ فیصلے سے ہرایا، اور پیٹن ٹالبوٹ نے بینٹم ویٹ میں فیلیپ لیما کو متفقہ فیصلے سے شکست دی۔