کراچی: کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں تعلیم مرکزی کردار ادا کرتی ہے، تاہم عالمی یونیورسٹی رینکنگ تنظیم (کیو ایس) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار پاکستان کے لیے ایک مایوس کن تصویر پیش کرتے ہیں۔
اتوار کو دی نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2025 میں پاکستان کی کوئی بھی یونیورسٹی دنیا کی 350 بہترین جامعات میں جگہ نہیں بنا سکی۔ البتہ، دو وفاقی یونیورسٹیاں، قائد اعظم یونیورسٹی (354) اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) (371)، ٹاپ 371 میں شامل ہونے میں کامیاب رہی ہیں۔
ملک کی سب سے بڑی جامعہ، کراچی یونیورسٹی، ٹاپ 1001 جامعات کی فہرست میں جگہ بنا پائی ہے، لیکن سندھ کی کوئی دوسری یونیورسٹی ٹاپ 1500 میں بھی شامل نہیں ہو سکی۔
درجہ بندی میں شامل دیگر قابل ذکر پاکستانی یونیورسٹیوں میں پنجاب یونیورسٹی (542)، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) (555)، اور یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد (654) شامل ہیں۔
دیگر اداروں میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 664، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پائیاس) 721، یو ای ٹی لاہور 801، پشاور یونیورسٹی 901، لاہور یونیورسٹی 951، آغا خان یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی 1001، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی 1201، جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور 1401 ویں نمبر پر ہے۔
2025 کی جنوبی ایشیائی درجہ بندی میں، کراچی یونیورسٹی 58 ویں، آغا خان یونیورسٹی 62 ویں، آئی بی اے کراچی 70 ویں، اقراء یونیورسٹی 110 ویں، آئی بی اے سکھر 120 ویں، این ای ڈی یونیورسٹی 131 ویں، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز 140 ویں، مہران انجینئرنگ یونیورسٹی جامشورو 168 ویں، ضیاء الدین یونیورسٹی 240 ویں، سندھ یونیورسٹی جامشورو 263 ویں اور بلوچستان یونیورسٹی 278 ویں نمبر پر ہے۔
عالمی سطح پر، میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) دنیا کی بہترین یونیورسٹی قرار پائی، جس کے بعد امپیریل کالج لندن (برطانیہ) دوسرے نمبر پر ہے۔ فہرست میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی (امریکا) تیسرے، آکسفورڈ یونیورسٹی (برطانیہ) چوتھے، ہارورڈ یونیورسٹی (امریکا) پانچویں، کیمبرج یونیورسٹی (برطانیہ) چھٹے، ای ٹی ایچ زیورخ (سوئٹزرلینڈ) ساتویں، نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور آٹھویں، یو سی ایل لندن نویں اور کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (امریکا) دسویں نمبر پر ہے۔