فٹبال کی دنیا میں ہلچل! کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا کلب ورلڈ کپ کھیلنے سے کیوں انکار کردیا؟

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ انہوں نے کلب اور ملک کے لیے اپنے کھیل کے کیریئر کو طول دینے کے مقصد سے نئے فارمیٹ کے فیفا کلب ورلڈ کپ میں کھیلنے کے بجائے آرام کرنے کو ترجیح دی ہے۔

پرتگالی بین الاقوامی کھلاڑی، جنہوں نے حال ہی میں اپنے ملک کو یوئیفا نیشنز لیگ کا خطاب جتوایا، نے یہ تبصرہ ہفتے کے روز سعودی پرو لیگ کی ٹیم النصر کے ساتھ اپنے معاہدے میں توسیع کے دو دن بعد کیا۔ النصر نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ رونالڈو نے دو سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو انہیں کلب میں ان کی 42 ویں سالگرہ کے بعد تک رکھے گا اور ممکنہ طور پر 2026 میں امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں ان کی آخری شرکت ہوگی۔

40 سالہ کھلاڑی کے منصوبوں کے بارے میں قیاس آرائیاں گزشتہ ماہ اس وقت تیز ہوئیں جب فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے کہا کہ النصر کے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہنے کے باوجود رونالڈو کے کلب ورلڈ کپ میں کھیلنے کے بارے میں بات چیت جاری ہے، لیکن اسٹار فارورڈ نے انہیں فوری طور پر مسترد کر دیا۔

النصر کی جانب سے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں رونالڈو نے کہا، ”مجھے [کلب] ورلڈ کپ میں کھیلنے کی کچھ پیشکشیں تھیں لیکن میرے خیال میں اس کا کوئی مطلب نہیں تھا کیونکہ میں اچھی طرح آرام کرنے اور اچھی تیاری کو ترجیح دیتا ہوں، کیونکہ یہ سیزن بہت طویل ہوگا کیونکہ سال کے آخر میں ورلڈ کپ کا سیزن ہے۔“

انہوں نے مزید کہا، ”میں نہ صرف النصر کے لیے بلکہ قومی ٹیم کے لیے بھی تیار رہنا چاہتا ہوں۔ اس لیے، میں نے نیشنز لیگ کا آخری کھیل کھیلنے اور کسی بھی چیز پر کان نہ دھرنے کا فیصلہ کیا۔“

رونالڈو نے اس ماہ کے شروع میں اسپین کے خلاف نیشنز لیگ کے فائنل میں پرتگال کے لیے گول کیا، جو 2-2 پر ختم ہوا تھا جس کے بعد ان کی ٹیم نے یورپی چیمپئنز کو پنالٹیز پر شکست دی تھی۔ پرتگال کے کپتان نے کہا کہ النصر میں رہنے کا ان کا مقصد ریاض میں قائم ٹیم کے ساتھ ایک بڑی ٹرافی جیتنا ہے۔

رونالڈو نے مزید کہا، ”میرا مقصد ہمیشہ النصر کے لیے کچھ اہم جیتنا ہے۔ اور یقیناً میں اب بھی اس پر یقین رکھتا ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے مزید دو سال کی تجدید کی کیونکہ مجھے یقین ہے کہ میں سعودی عرب میں چیمپئن بنوں گا۔“

واضح رہے کہ رونالڈو، جو مانچسٹر یونائیٹڈ سے فری ایجنٹ کے طور پر علیحدگی کے بعد 2022 میں النصر میں شامل ہوئے تھے، نے کلب کے لیے تمام مقابلوں میں 105 میچوں میں 93 گول کیے ہیں۔ وہ اپنے کیریئر میں 1,000 گول کے سنگ میل پر بھی نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کلب فٹ بال میں 794 اور پرتگال کے لیے 138 گول کیے ہیں، جس سے ان کا مجموعی اسکور 932 ہوگیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں