بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم، سولر لگانے والوں کیلئے بھی وزیراعظم کا بڑا اعلان

وزیراعظم کا بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس بھی ختم کرنے کا اعلان

  • کرپٹ مافیا کے خلاف مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں، شہباز شریف
  • وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بجلی چوری سے 500 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سولرائزیشن کے بڑھتے ہوئے رجحان کی حوصلہ شکنی نہیں کرے گی اور اس عمل کا خیرمقدم کرتی ہے، جو دنیا میں بجلی پیدا کرنے کا سب سے سستا ذریعہ ہے۔

اتوار کو وزارت توانائی کی جانب سے تیار کردہ اسمارٹ فون ایپلی کیشن ‘اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ’ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں سولرائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں اہم اصلاحات کے حوالے سے موبائل ایپ کا آغاز ایک انقلابی قدم ہے جس سے صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔ اس کا پانچ زبانوں میں متعارف ہونا صوبائی ہم آہنگی کو بہتر بنائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں انہوں نے توانائی کے شعبے میں مختلف اہم فیصلے کیے اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے بورڈز میں اہم اصلاحات متعارف کرائی گئیں جہاں میرٹ پر تقرریاں کی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ مافیا کے خلاف بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ٹاسک فورس اور متعلقہ وزیر نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے سخت محنت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں بجلی کے ٹیرف کو کم کرنے کے لیے پاکستانی نجی پاور پلانٹس (آئی پی پیز) کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے اسے “سخت مذاکرات اور ایک مشکل مرحلہ” قرار دیا۔ جس کے بعد گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت 7.41 روپے تک کم کی گئی۔

وزیراعظم نے گردشی قرضے کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بینکوں کے ساتھ مذاکرات کو بھی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بجلی کے بلوں میں وصول کی جانے والی پی ٹی وی فیس کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے پاور سیکٹر میں دو بڑے چیلنجز کی نشاندہی کی، جن میں 500 ارب روپے کی بجلی چوری اور ملک میں سولرائزیشن کی وجہ سے بجلی کی زیادہ پیداوار اور کم کھپت کے درمیان فرق شامل ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شفافیت کو یقینی بنانے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر انحصار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوور بلنگ ایک بڑا مسئلہ تھا اور وہ اس مد میں وصول کیے گئے اربوں روپے صارفین کو واپس کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں