**راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ڈکی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران 2 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔**
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق، آپریشن 28 جون کو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ 2 دہشتگردوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، جو علاقے میں متعدد دہشتگردی کی کارروائیوں میں سرگرم طور پر ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا گیا، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قوم دہشتگردی کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ثابت قدم ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائم پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (PICSS) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مئی 2025 میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔
پی آئی سی ایس ایس کے ماہانہ سیکیورٹی جائزے کے مطابق، مئی میں 85 عسکریت پسند حملے ریکارڈ کیے گئے، جو اپریل میں 81 تھے۔ ان واقعات کے نتیجے میں 113 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 52 سیکیورٹی اہلکار، 46 شہری، 11 عسکریت پسند اور امن کمیٹیوں کے چار ارکان شامل ہیں۔
بلوچستان اور خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبے رہے، جہاں ملک بھر کے 85 حملوں میں سے 82 ہوئے۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ تشدد دیکھنے میں آیا، جہاں 35 عسکریت پسند حملوں میں 51 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے۔