برطانوی پولیس نے مشہور میوزک فیسٹیول گلاسٹنبری میں پرفارم کرنے والے ان موسیقاروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جنہوں نے فلسطین کے حق میں نعرے لگوائے تھے۔
یہ تحقیقات خاص طور پر آئرش ریپرز بینڈ ‘نی کیپ’ (Kneecap) اور پنک جوڑی ‘باب وائلن’ (Bob Vylan) کے گرد مرکوز ہیں جنہوں نے اپنی پرفارمنس کے دوران فلسطین کی حمایت میں شدید نعرے بازی کی قیادت کی۔
رپورٹس کے مطابق، پنک جوڑی ‘باب وائلن’ کی جانب سے لگوائے گئے ‘آئی ڈی ایف کو موت’ (death to the IDF) کے نعرے نے شدید تنازع کھڑا کر دیا ہے، جس پر برطانوی حکومت اور فیسٹیول کے منتظمین کی جانب سے سخت مذمت کی گئی ہے۔
حکومتی اور انتظامی سطح پر شدید ردعمل کے بعد ایون اینڈ سمرسیٹ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ وہ فیسٹیول کے دوران پیش آنے والے واقعات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا کوئی جرم سرزد ہوا ہے یا نہیں۔
گلاسٹنبری برطانیہ کا سب سے بڑا اور دنیا کے مشہور ترین میوزک فیسٹیولز میں سے ایک ہے جہاں اس طرح کی سیاسی نعرے بازی نے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ فنکاروں کی جانب سے فلسطین کی حمایت کا یہ واقعہ عالمی سطح پر جاری احتجاجی لہر کا حصہ ہے۔