تنزانیہ: دو بسوں کا خوفناک تصادم، گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، 38 مسافر جل کر خاکستر!

تنزانیہ کے کلیمنجارو ریجن میں ایک بس اور منی بس کے درمیان تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھنے سے کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اتوار کو صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق، یہ حادثہ ہفتے کی شام سباسابا کے علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کی وجہ بس کا ٹائر پھٹنا بتایا گیا ہے جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔

بیان میں کہا گیا، ’’حادثے میں دو خواتین سمیت کل 38 افراد ہلاک ہوئے۔‘‘

بیان میں مزید بتایا گیا کہ، ’’لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث 36 لاشوں کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔‘‘ ہلاک ہونے والوں کی قومیت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

صدارتی محل کے مطابق حادثے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے چھ اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

صدر سامیہ سلوہو حسن نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

صدر حسن نے کہا، ’’اللہ تعالیٰ مرحومین کی روحوں کو سکون اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ اللہ اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ کو صبر و ہمت دے۔‘‘

صدر نے روڈ سیفٹی پر سختی سے عمل درآمد پر بھی زور دیا کیونکہ تنزانیہ کی سڑکوں پر ہلاکت خیز ٹریفک حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں، حکومت نے سڑک حادثات پر قابو پانے کے لیے بارہا اقدامات کا اعلان کیا ہے، تاہم مختلف حفاظتی مہموں کے باوجود ملک میں یہ مسئلہ برقرار ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی 2018 کی ایک رپورٹ کے مطابق، 2016 میں ملک میں ٹریفک حادثات میں اندازاً 13,000 سے 19,000 افراد ہلاک ہوئے تھے، جو کہ 3,256 افراد پر مشتمل سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں