اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو سابق وزیر داخلہ اور سینئر سیاستدان چوہدری نثار علی سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے چوہدری نثار کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کے موجودہ سیاسی منظرنامے اور دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی۔
واضح رہے کہ چوہدری نثار نے 2016 میں پاناما اسکینڈل سامنے آنے کے بعد پارٹی قیادت سے اختلافات پیدا ہونے پر 2019 میں مسلم لیگ (ن) سے اپنی 35 سالہ رفاقت ختم کردی تھی۔
5 مئی 2019 کو واہ کینٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کا حصہ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا تھا، ”میں ایک طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کا حصہ رہا ہوں۔ میں طاقت کی نہیں، عزت کی سیاست کرتا ہوں۔“
سینئر سیاستدان کا کہنا تھا، ”شاہد خاقان عباسی کے خاندان سے میرے گہرے تعلقات ہیں لیکن میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ میں مسلم لیگ (ن) کا حصہ نہیں ہوں۔“
چوہدری نثار نے 2018 میں پنجاب اسمبلی کی نشست جیتی تھی لیکن انہوں نے تین سال بعد 2021 میں صوبائی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھایا تھا۔