مون سون کی پہلی بارشیں ہی قہر بن گئیں، ملک بھر میں تباہی، 45 افراد جاں بحق، مزید کیا ہونے والا ہے؟

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اتوار کو بتایا کہ مون سون کے آغاز کے بعد سے گزشتہ چند روز میں پاکستان بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 45 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئیں، جہاں جاں بحق ہونے والوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں اور کل تعداد 21 ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ان میں سے 14 اموات وادی سوات میں ہوئیں، جہاں میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سیلابی ریلا دریا کنارے موجود خاندانوں کو بہا لے گیا۔

صوبہ پنجاب میں بدھ سے اب تک 13 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جن میں سے 8 بچے شدید بارش کے دوران دیواریں یا چھتیں گرنے سے جاں بحق ہوئے، جبکہ بالغ افراد سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے۔

اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان میں بھی مون سونی بارشوں سے متعلق 11 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

قومی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کم از کم ہفتے تک شدید بارش اور ممکنہ سیلابی ریلوں کا خطرہ برقرار رہے گا۔

گزشتہ ماہ بھی ملک میں شدید طوفانوں کے باعث کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے، اور اس کے 24 کروڑ باشندوں کو تواتر سے شدید موسمی واقعات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنی پیشگوئی میں کہا ہے کہ شدید سے بہت شدید بارشوں کے باعث مری، گلیات، راولپنڈی، اسلام آباد، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ”موساکھیل، بارکھان، خضدار، لسبیلہ اور قلات کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی شدید بارشوں سے سیلاب کا خطرہ ہے۔“

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ اس دوران آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات روزمرہ کے معمولات کو متاثر کرسکتے ہیں اور کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ بارشوں کے اس سلسلے کے دوران خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کو کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور بالائی خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں کہیں کہیں شدید بارش بھی ہوسکتی ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں