پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے کلب ورلڈ کپ کے لاسٹ 16 مرحلے میں اپنے سابق کھلاڑی لیونل میسی کی ٹیم انٹر میامی کو 4-0 کی یکطرفہ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ہے۔ اس شاندار فتح میں جواؤ نیوس نے دو گول اسکور کیے۔
اتوار کو اٹلانٹا کے مرسڈیز بینز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پی ایس جی نے پہلے ہاف میں ہی چار گول کی برتری حاصل کرلی تھی۔ ایک اون گول اور اشرف حکیمی کے ایک گول نے اس برتری کو مزید مستحکم کیا۔
یورپی چیمپئنز پی ایس جی کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ ہفتے کو بائرن میونخ اور فلیمنگو کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔
میچ کے آغاز سے ہی پی ایس جی نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ کھیل کے پانچویں منٹ میں ہی ڈیزائر ڈوئے نے پنالٹی ایریا کے باہر ایک فری کک حاصل کی۔ وٹینہا کی کک پر جواؤ نیوس نے دوڑتے ہوئے ہیڈر کے ذریعے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
انٹر میامی کے لیے مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب 19ویں منٹ میں ان کے ڈیفینڈر نوح ایلن زخمی ہوکر میدان سے باہر ہوگئے اور ان کے متبادل ٹامس ایویلس کو نونو مینڈس کو گرانے پر فوراً ہی یلو کارڈ دکھا دیا گیا۔
کھیل کے 39ویں منٹ میں نیوس نے فیبیئن روئیز کے پاس پر باکس کے مرکز سے ایک اور گول کرکے پی ایس جی کی برتری دوگنی کردی۔ ایویلس کے لیے میچ مزید مایوس کن ثابت ہوا جب 44ویں منٹ میں انہوں نے غلطی سے پی ایس جی کے کراس کو اپنے ہی گول میں پہنچا دیا۔
اس کے چند لمحوں بعد، پی ایس جی کے بریڈلی بارکولا نے اشرف حکیمی کو پاس دیا، حکیمی کا پہلا شاٹ گول کیپر اور کراس بار سے ٹکرا کر واپس آیا لیکن انہوں نے ری باؤنڈ پر گول کرکے اسکور 4-0 کردیا۔
دوسرے ہاف میں لیونل میسی نے اپنی ٹیم کے لیے کچھ مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ 51ویں منٹ میں ان کا ایک شاٹ جال کے اوپر سے گزر گیا جبکہ 63ویں منٹ میں ان کا ایک اور شاٹ گول کیپر گیانلوئیگی ڈوناروما نے آسانی سے روک لیا۔ انٹر میامی کا بہترین موقع اس وقت ضائع ہوا جب میسی کے پاس پر لوئس سواریز گول نہ کرسکے اور مایوسی میں پانی کی بوتل کو لات ماری۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جواؤ نیوس نے کہا، ”یہ پی ایس جی کے لیے ایک بہت مثبت دن تھا۔ یہ پہلی بار ہے کہ میں نے ایک میچ میں دو گول کیے ہیں، اس لیے میں بہت خوش ہوں، لیکن جیت پر اس سے بھی زیادہ خوشی ہے۔“
انٹر میامی کے کوچ جیویر ماسچرانو نے کہا کہ یہ میچ ان کی ٹیم کے لیے سیکھنے کا ایک اچھا تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا، ”ہم جانتے تھے کہ آج کا دن بہت مشکل ہوگا، پی ایس جی شاید دنیا کی بہترین ٹیم ہے۔ دوسرے ہاف میں ہم نے کھیلنے اور اپنی صلاحیت دکھانے کی کوشش کی۔“