کراچی میں 13 کروڑ کی ڈکیتی: ملزمان مشہور ٹک ٹاکر بہن بھائی نکلے، واردات کی CCTV فوٹیج نے بھانڈا پھوڑ دیا

کراچی: شہر قائد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں تاجر کے گھر 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمان کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، واردات کرنے والے بہن بھائی مشہور ٹک ٹاکر نکلے۔

حکام کے مطابق 26 جون کی شب ہونے والی اس واردات کے سلسلے میں گرفتار چاروں ملزمان سے تفتیش جاری ہے، گرفتار افراد میں یسریٰ، نمرہ، شہریار اور شہروز شامل ہیں۔

تفتیشی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ڈکیتی میں ملوث بہن بھائی ٹک ٹاک پر فعال ہیں۔ ملزمان نے مبینہ طور پر تاجر کے گھر میں داخل ہونے اور واردات کرنے کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جعلی وردیاں استعمال کیں۔

ملزمان پر بھاری رقم کے علاوہ مہنگی گھڑیاں، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کرکے فرار ہونے کا الزام ہے۔

تحقیقات سے سامنے آنے والی مزید تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان میں سے ایک، یسریٰ، ماڈلنگ اور ٹیلی ویژن ڈراموں کا پس منظر رکھتی ہے، اور مبینہ طور پر بھارتی اور پاکستانی فنکاروں کے ساتھ اس کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔

اس کے علاوہ، ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متاثرہ تاجر سالک اپنے گھر کے سامنے اپنی گاڑی پر کپڑا ڈال رہے ہیں، اسی وقت ایک سیاہ رنگ کی کار وہاں پہنچتی ہے۔ پہلے دو برقع پوش خواتین آگے بڑھتی ہیں، جس کے بعد ایک شخص سالک کا سامنا کرتا ہے۔

ویڈیو میں ملزمان کو سالک کو اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایک برقع پوش خاتون کو داخل ہوتے وقت خالی بیگ لے جاتے ہوئے اور بعد میں ایک ملزم کو واضح طور پر بھرے ہوئے بیگ کے ساتھ نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں