ترکیہ کا شہر ازمیر آگ کے شعلوں میں گِھر گیا! تیز ہواؤں نے تباہی مچادی، علاقے خالی کرانے کا حکم

انقرہ: ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر کے جنگلات میں لگی آگ دوسرے روز بھی بے قابو ہے، تیز ہواؤں کے باعث آگ بجھانے کے عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور متعدد رہائشی علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

ترک میڈیا اور مقامی حکام کے مطابق، فائر فائٹرز ازمیر کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل دوسرے دن بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔ جنگلات کے وزیر ابراہیم یومکلی نے پیر کے روز بتایا کہ ازمیر کے کویوجک اور دوغان بے علاقوں میں رات بھر چلنے والی 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں نے آگ کو مزید بھڑکا دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت چار دیہات اور دو محلے خالی کرا لیے گئے ہیں۔ آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹرز، طیاروں اور دیگر گاڑیوں سمیت 1000 سے زائد اہلکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ابتدائی آگ اتوار کے روز ازمیر کے سفری حصار اور میندیرس اضلاع کے درمیان لگی تھی۔ آگ کی شدت کے باعث کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ ازمیر عدنان میندیرس ایئرپورٹ پر پروازوں کا آپریشن بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں ترکیہ کے ساحلی علاقے جنگلاتی آگ سے شدید متاثر ہوئے ہیں، جس کی بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ اور خشک موسم کو قرار دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں