یومِ عاشور پر موبائل فون سروس بند؟ سندھ حکومت نے وفاق سے بڑا مطالبہ کردیا

کراچی: حکومت سندھ نے یومِ عاشور پر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے صوبے بھر میں موبائل فون سروس معطل کرنے کی سفارش کردی ہے۔

اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی وزارتِ داخلہ کو باضابطہ طور پر خط ارسال کیا ہے، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ موجودہ پروٹوکول کے مطابق فیصلہ کرے اور صوبائی حکام کو اس سے آگاہ کرے۔

واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر سے چاند کی متعدد شہادتیں موصول ہونے کے بعد جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ محرم الحرام 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اور یومِ عاشور 6 جولائی (بروز اتوار) کو ہوگا۔

محرم اسلامی کیلنڈر کے چار مقدس مہینوں میں سے ایک ہے۔ اس کی دسویں تاریخ کو یومِ عاشور منایا جاتا ہے، جب نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ میدانِ کربلا میں شہید ہوئے تھے۔

گزشتہ ہفتے وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملک بھر میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ وفاقی حکومت کا یہ فیصلہ تمام صوبائی انتظامیہ، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی جانب سے باضابطہ درخواستوں کے بعد سامنے آیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں