واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ’بڑا اور خوبصورت‘ قرار دیا جانے والا متنازعہ ٹیکس اور اخراجات کا بل سینیٹ میں فیصلہ کن ووٹنگ کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جہاں اس کی منظوری کے لیے ریپبلکن پارٹی سرتوڑ کوشش کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ریپبلکن اراکین صدر ٹرمپ کے اس اہم ترین بل کو سینیٹ سے ہر قیمت پر منظور کروانا چاہتے ہیں، تاہم انہیں ڈیموکریٹس کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا ہے۔
ڈیموکریٹک پارٹی نے اس بل کو تاریخ کا سب سے مہنگا قانون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صرف امیر ترین طبقے کو فائدہ پہنچے گا جبکہ عام شہریوں پر بوجھ بڑھے گا۔ اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ یہ قانون سازی ملک کے لیے معاشی طور پر تباہ کن ثابت ہوگی۔
دوسری جانب، صدر ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی اس بل کو معیشت کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں اور اس کی منظوری کے لیے پرامید ہیں۔
اب تمام نظریں امریکی سینیٹ پر مرکوز ہیں جہاں ہونے والی ووٹنگ اس متنازعہ بل کے مستقبل کا تعین کرے گی، جس کے نتائج امریکی سیاست اور معیشت پر گہرے اثرات مرتب کریں گے۔