لندن: ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں بڑا اپ سیٹ ہوگیا جہاں سابق یو ایس اوپن چیمپیئن ڈینیل مدویدیف کو پہلے ہی راؤنڈ میں فرانس کے بینجمن بونزی کے ہاتھوں سنسنی خیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سال کے تیسرے گرینڈ سلیم کے پہلے ہی دن کورٹ ٹو پر شدید گرمی میں ہونے والے میچ میں عالمی نمبر 64 بینجمن بونزی نے نویں سیڈ یافتہ مدویدیف کو 7-6 (7-2)، 3-6، 7-6 (7-3)، اور 6-2 سے شکست دی۔ یہ مقابلہ تین گھنٹے اور سات منٹ تک جاری رہا۔
یہ سات ومبلڈن مقابلوں میں پہلا موقع ہے کہ مدویدیف ابتدائی راؤنڈ سے آگے بڑھنے میں ناکام رہے ہیں۔ روسی کھلاڑی گزشتہ دو سالوں سے ومبلڈن کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر رہے تھے لیکن اس بار ان کا سفر پہلے ہی مرحلے میں تمام ہوگیا۔
چھ بار کے گرینڈ سلیم فائنلسٹ، 29 سالہ مدویدیف، جو 2021 میں یو ایس اوپن جیتے تھے، کے لیے یہ سال بڑے ٹورنامنٹس میں مایوس کن رہا ہے۔ وہ آسٹریلین اوپن کے دوسرے اور فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں بھی شکست کھا چکے ہیں۔
فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی کھلاڑی بینجمن بونزی نے کہا، “یہ کسی بھی گرینڈ سلیم میں میری پہلی ٹاپ-10 فتح ہے۔ ظاہر ہے، اس ٹورنامنٹ میں جیتنا ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا، “میں اس جگہ سے محبت کرتا ہوں، اس لیے یہ بہت خاص ہے، اور ڈینیل ایک عظیم کھلاڑی ہیں۔ وہ یہاں دو سیمی فائنل کھیل چکے ہیں۔ میں جانتا تھا کہ یہ ایک مشکل میچ تھا، لیکن کبھی کبھی پہلے راؤنڈ میں اس طرح کے کھلاڑی سے کھیلنا بہتر ہوتا ہے۔ کچھ بھی ہو سکتا ہے، اس لیے میں اس جیت پر بہت خوش ہوں۔”