برطانوی میوزک فیسٹیول میں ‘آزاد فلسطین’ کے نعرے، فنکاروں کے خلاف تحقیقات شروع، امریکا نے ویزے بھی منسوخ کردیے

برطانوی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ گلاسٹنبری فیسٹیول میں ریپ-پنک جوڑی باب وائلن اور آئرش زبان کے بینڈ نی کیپ کی ہفتے کے آخر میں ہونے والی پرفارمنس کے خلاف فوجداری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جب انہوں نے مجمعے سے اسرائیلی فوج کے لیے ‘موت’ اور ‘آزاد فلسطین’ کے نعرے لگوائے تھے۔

پولیس نے پیر کو کہا کہ برطانیہ کے سب سے بڑے سمر میوزک فیسٹیول میں ہونے والی ان پرفارمنسز کو ‘امن عامہ میں خلل ڈالنے والے واقعے’ کے طور پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ریپر بوبی وائلن، جو اس ہفتے کے آخر تک نسبتاً غیر معروف تھے، نے مجمعے سے ‘فری، فری فلسطین’ اور اسرائیلی فوج کے لیے ‘ڈیتھ، ڈیتھ’ کے نعرے لگوائے۔ بی بی سی نے اس پرفارمنس کو براہ راست نشر کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے آف ایئر کر دینا چاہیے تھا۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور دیگر برطانوی سیاستدانوں نے ان نعروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ‘خوفناک نفرت انگیز تقریر’ کا کوئی جواز نہیں ہے۔ اسٹارمر نے مزید کہا کہ بی بی سی کو وضاحت کرنی چاہیے کہ ‘یہ مناظر کیسے نشر ہوئے’۔

براڈکاسٹنگ ریگولیٹر آفکام نے کہا کہ وہ بی بی سی کی لائیو اسٹریم کے بارے میں ‘بہت فکر مند’ ہے اور کہا کہ براڈکاسٹر کو ‘واضح طور پر سوالات کے جوابات دینے ہیں’۔

دریں اثنا، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس نے باب وائلن کے لیے امریکا میں پرفارم کرنے کے ویزے ‘گلاسٹنبری میں نفرت انگیز تقریر’ کے بعد منسوخ کر دیے ہیں۔ امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لنڈاؤ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، ‘تشدد اور نفرت کو فروغ دینے والے غیر ملکی ہمارے ملک میں خوش آئند مہمان نہیں ہیں۔’

غزہ میں اسرائیل کے نسل کش حملے نے دنیا بھر میں کشیدگی کو ہوا دی ہے، جس سے کئی دارالحکومتوں اور کالج کیمپسوں میں فلسطین کے حامی مظاہرے شروع ہوئے ہیں۔ اسرائیل اور اس کے کچھ حامیوں نے ان مظاہروں کو سامیت دشمنی قرار دیا ہے جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ اسرائیل اس طرح کی وضاحتوں کو اپنے مخالفین کو خاموش کرانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی افواج نے محصور علاقے پر شدید ناکہ بندی برقرار رکھتے ہوئے کم از کم 56,531 افراد کو ہلاک اور 133,642 کو زخمی کیا ہے۔

باب وائلن، جو گرائم اور پنک راک کو ملانے کے لیے مشہور ہیں، اپنی شاعری میں نسل پرستی، ہومو فوبیا اور طبقاتی تقسیم سمیت کئی مسائل پر بات کرتے ہیں، اور پہلے بھی فلسطینیوں کی حمایت کا اظہار کر چکے ہیں۔

بینڈ کے مرکزی گلوکار، جو بوبی وائلن کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں ہفتے کے آخر کی پرفارمنس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: ‘میں نے جو کہا سو کہا۔’ انہوں نے مزید کہا، ‘اپنے بچوں کو اس تبدیلی کے لیے آواز اٹھانا سکھانا جس کی وہ خواہش اور ضرورت رکھتے ہیں، ہی اس دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کا واحد راستہ ہے۔’

اس جوڑی نے ہفتے کی سہ پہر نی کیپ سے ٹھیک پہلے پرفارم کیا، جن کا سیٹ بی بی سی نے لائیو اسٹریم نہیں کیا لیکن پھر بھی ٹک ٹاک کے ذریعے اسے آن لائن بہت بڑی تعداد میں دیکھا گیا۔ یہ ایک اور بینڈ ہے جو پہلے بھی اپنے سخت فلسطین نواز مؤقف کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہا ہے۔

نی کیپ نے فیسٹیول میں دسیوں ہزار کے مجمعے سے ‘آزاد فلسطین’ کے نعرے لگوائے۔ اس نے اسٹارمر پر بھی ایک گالیوں سے بھرا نعرہ لگایا، جنہوں نے کہا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ نی کیپ کا گلاسٹنبری میں پرفارم کرنا ‘مناسب’ ہے جب اس کے ایک رکن پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت الزام عائد کیا گیا تھا۔

لیام اوگ او ہینائیڈ، جو لیام او’ہانا کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں اور مو چارا کے اسٹیج نام سے پرفارم کرتے ہیں، پر گزشتہ سال لندن میں ایک کنسرٹ میں مبینہ طور پر حزب اللہ کا جھنڈا لہرانے پر ایک ممنوعہ تنظیم کی حمایت کا الزام ہے۔

غزہ میں جنگ کے طرز عمل پر اسرائیل کو مسلسل بین الاقوامی مذمت کا سامنا ہے۔ ہفتہ وار مظاہروں میں یورپ اور دنیا بھر سے ہزاروں لوگ فلسطینیوں کی حمایت میں شرکت کرتے ہیں۔ عوامی دباؤ نے، جزوی طور پر، اسرائیلی اتحادیوں فرانس، کینیڈا اور برطانیہ کو مئی میں ایک سخت الفاظ پر مبنی بیان جاری کرنے پر آمادہ کیا جس میں اسرائیل سے غزہ میں اپنی ‘سنگین’ فوجی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا گیا اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے اقدامات پر تنقید کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں